آل کلاس فور ملازمین ایسوسی ایشن آل محکمہ جات ضلع چترال کی طرف سے پیر کے روز ایک احتجاجی ریلی نکالی گئی۔

Print Friendly, PDF & Email

چترال (محکم الدین) آل کلاس فور ملازمین ایسوسی ایشن آل محکمہ جات ضلع چترال کی طرف سے پیر کے روز ایک احتجاجی ریلی نکالی گئی۔ ریلی کی شرکاء نے مختلف بازاروں سے ہوتے ہوئے ڈی ای او ایجوکیشن آفس کے سامنے دھرنا دیا۔ اور پریس کلب چترال کے سامنے احتجای مظاہرہ کیا۔ اس موقع پر احتجاجی مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے صدر آل کلاس فور ملازمین آل محکمہ جات محمد قاسم نے کہا۔ کہ ملک میں مہنگائی عروج پر پہنچ چکی ہے۔ اس لئے درجہ چہارم ملازمین کی تنخواہوں میں سو فیصد اضافہ کیا جائے۔ آل محکمہ جات درجہ چہارم کو ٹائم سکیل دیا جائے، تمام ایڈ ہاک ریلیف کو بنیادی تنخواہوں کے ساتھ ضم کیا جائے،تعلیم یافتہ اور سند یافتہ درجہ چہارم ملازمین کو ٹیچر کیڈر میں 35فیصد کوٹہ کیا جائے۔ درجہ چہارہ ملازمین کا میڈیکل الاؤنس، کنوینس الاؤنس، ہاؤس رینٹ الاؤنس میں مہنگائی کے تناسب سے اضافہ کیا جائے۔ انہوں نے کہا فائر ووڈ چارجز کو یقینی بنایا جائے اور اُس کے بجٹ میں کی جانے والی کٹوتی ختم کی جائے،مالک جائیداد درجہ چہارم ملازمین کے کوٹے پر اُس کے نامزد کردہ افراد کو بھرتی کیا جائے اور ٹی ایم اے درجہ چہارم ملازمین کی تنخواہوں کو ریگولر کیا جائے۔ انہوں نے کہا۔ کہ بجلی گیس اور اشیاء خوردونوش اور اشیاء صرف کی قیمتیں آسمان سے باتیں کر رہی ہیں۔ کلاس فور ملازمین کے چولہے ٹھنڈے پڑ گئے ہیں۔ اس لئے تنخواہوں میں سو فیصد اضافہ کئے بغیر زندگی گزارنا ممکن نہیں۔