بورڈ زکے تمام معاملات کو آن لائن کردیاجائے تاکہ طلبہ امتحانات سے متعلق تمام تقاضے پورے کرنے کے لئے بورڈز کے چکرلگانے اورقطاروں میں کھڑا رہنے سے بچ جائیں۔وزیر تعلیم محمد عاطف خان

Print Friendly, PDF & Email

(چترال میل رپورٹ)خیبرپختونخواکے وزیر تعلیم محمدعاطف خان نے صوبہ بھر کے تعلیمی اداروں،اساتذہ کرام اوردوسرے عملے کو خبر دار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کی کارکردگی کوجانچنے کے لئے ایک طریقہ کارتشکیل دیاگیاہے جو سائنسی بنیادوں پر ان کی کارکردگی کاتعین کرے گااوراسی جائزے کے بنیاد پراچھے نتائج دینے والوں کوپرکشش انعامات اورترقی کے مواقع دئیے جائیں گے جبکہ خراب نتائج کے حامل،سست اورکمزور اداروں اوراہلکاروں کا محاسبہ کیا جائے گا۔ یہ بات انہوں نے سول سیکرٹریٹ پشاور میں محکمہ تعلیم سے متعلق ایک اعلیٰ سطح اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہا کہ ٓاٹھویں،نویں اوردسویں جماعت کے امتحانات کے نتائج طلبہ اوراساتذہ کی حاضری،نئے داخلوں کا اندراج اوردوسرے انتظامی معاملات کے معیار کو نئے تشکیل شدہ طریقہ کارمیں شامل کیاگیاہے۔ اس کے علاوہ ضلعی انتظامیہ کو بھی اس حوالے سے مد نظر رکھا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ ان کی حکومت چاہتی ہے کہ تعلیمی ادارے اوراساتذہ کرام ایک ایسا پرکشش تعلیمی ماحول بنائیں جس کی جانب بچے خود بخود کھنچتے چلے آئیں اوروہ تعلیم کے حصول کے لئے دلچسپی اور پورے لگن کے ساتھ ڈٹ جائیں۔انہوں نے کہا کہ اگر تعلیمی ادارے اوراساتذہ کرام دل سے کام کرنا شروع کردیں تو وہ اس ملک اورقوم کی تقدیر کو بدلنے کے لئے کافی ہیں۔انہوں نے کہا کہ اگر اساتذہ کرام دل سے اپنی نئی نسل کی تعلیم وتربیت کا کام انجام دینا شروع کردیں توپھر کسی کو سزا دینے کی ضرورت ہی نہیں رہے گی۔ بعد ازاں بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈر ی ایجوکیشن پشاورکے ایک اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے محمدعاطف خان نے کہا کہ چوری چکاری کے تمام راستے بند کردئیے جائیں اورطلبہ کواتنی آسانیاں دینے کی کوشش کی جائے تاکہ وہ صرف امتحان کے لئے حاضر ہوں اورانہیں بورڈ ز کے چکر لگانے کی تکالیف سے دوررکھاجائے۔انہوں نے کہا کہ بورڈز کے مالی معاملات ہوں یاامتحان میں نقل کارحجان یااساتذہ کی ڈیوٹیاں لگانے کی بات ہوان سب میں شفافیت پیداکی جائے۔انہوں نے امتحانات میں ڈیوٹیاں لگوانے والے اساتذہ کے بارے میں سختی سے تاکید کی کہ ایسے عناصر کی پشت پناہی ہرگز نہ کی جائے۔انہوں نے کہا کہ بورڈ زکے تمام معاملات کو آن لائن کردیاجائے تاکہ طلبہ امتحانات سے متعلق تمام تقاضے پورے کرنے کے لئے بورڈز کے چکرلگانے اورقطاروں میں کھڑا رہنے سے بچ جائیں۔