نئی گاڑیوں کی رجسٹریشن سے متعلق موجودہ طریقہ کار کو پیچیدہ،عوام کے لئے تکلیف دہ اورنہایت پسماندہ قراردیتے ہوئے محکمہ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن کوہدایت کی وہ جدید طریقوں سے ایسا نیا طریقہ کار ایک ہفتے کے اندر وضع کرنے کی ہدایت۔ چیف سیکرٹری محمد اعظم خان

Print Friendly, PDF & Email

(چترال میل رپورٹ)چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا محمد اعظم خان نے نئی گاڑیوں کی رجسٹریشن سے متعلق موجودہ طریقہ کار کو پیچیدہ،عوام کے لئے تکلیف دہ اورنہایت پسماندہ قراردیتے ہوئے محکمہ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن کوہدایت کی ہے کہ وہ جدید تقاضوں سے آراستہ،انفارمیشن ٹیکنالوجی کے استعمال سے ایسا نیا طریقہ کاروضع کرے جس کے تحت وقت کے ضیاء کو کم کرکے عوام کوبے جا دفتری چکروں اورذہنی کوفت سے نجات دلائی جائے۔ انہوں نے اس نئے طریقہ کارکو ایک ہفتے کے اندر اندر وضع کرنے کی ہدیت کرتے ہوئے محکمہ کو جدید ٹیکنالوجی سے استفادہ کرنے اور عوام دوست اقدامات کی ضرورت کومد نظر رکھتے ہوئے سرکاری محکموں کو عوامی خدمت کے لئے کارآمد بنانے کی ضرورت پربھی زوردیاہے جس کی بدولت عوام سرکاری محکموں کو اپنا خادم سمجھیں اورضرورت کے وقت سرکاری دفاترسے استفادہ کرنے کے لئے بغیر کسی جھجک کے آئیں۔واضح رہے کہ نئی گاڑیوں کی رجسٹریشن کے موجودہ طریقہ کارکے مطابق عوام کو نہ صرف چھ،سات مہینے کاوقت ضائع کرنا پڑتاہے بلکہ کئی دفعہ مختلف دفاتر کے چکر بھی کاٹنے پڑتے ہیں۔چیف سیکرٹری خیبرپختونخوانے محکمہ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن کے موجودہ طریقہ کار کا تفصیلی جائزہ لینے کے بعد فوری نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ حکام کو مندرجہ بالا ہدایات جاری کیں جس کے تحت متعلقہ محکمہ سے قابل عمل پالیسی آؤٹ لائنز ایک ہفتے کے اندراندر تیارکرکے حکومت کو بھجوانے کی ہدایت کی ہے۔