پشاور (نمائندہ چترال میل)خیبرپختونخوا کے وزیراعلیٰ پرویز خٹک نے کہا ہے کہ نئے مالی سال میں پشاور بس ریپیڈ ٹرانزٹ اور سوات ایکسپر یس موٹروے جیسے میگا منصوبے مکمل کرکے عوامی استفادے کیلئے کھول دیئے جائیں گے۔پشاور بس ریپیڈ ٹرانزٹ منصوبہ چھ مہینے میں مکمل ہو جائے گا جس کیلئے صوبائی حکومت کے ساڑھے سات ارب روپے کے علاوہ ایشیائی ترقیاتی بینک کی جانب سے ساڑھے 44 ارب روپے کا بندوبست ہو چکا ہے سوات موٹروے کیلئے بھی بجٹ میں 30 ارب روپے مختص کردیئے گئے ہیں۔ اسی طرح آئندہ مالی سال کے دوران ساڑھے چار ہزار میگاواٹ پن بجلی کے منصوبے مکمل کرنے کا پروگرام بنایا گیا ہے۔اب تک صوبائی محکمہ توانائی نے 616 میگاواٹ پن بجلی کی پیداوار شروع کی ہے جبکہ نئے مالی سال کے ابتدائی چھ سات مہینوں کے دوران ہی 100میگاواٹ مزید بجلی پیدا کرکے نیشنل گرڈ میں شامل کرنے کی منصوبہ بندی کی گئی ہے۔وہ سول سیکرٹریٹ پشاور کے کیبنٹ روم میں کابینہ اجلاس سے خطاب کر رہے تھے جس میں مالی سال 2017-18 کیلئے صوبائی بجٹ، تخمینہ جات اور اے ڈی پی کی منظوری دی گئی۔وزیراعلیٰ نے کہاکہ برسرا قتدار آنے کے بعد ہمارا ہدف تعلیم اور صحت سمیت سماجی شعبوں کی بحالی، دہشت گردی کا خاتمہ، امن و امان کا قیام اور توانائی بحران پر قابو پانا تھاجبکہ اللہ تعالیٰ کے فضل سے ہمیں اس منزل کے حصول میں واضح کامیابیاں ملی ہیں۔ انہوں نے کہاکہ ہمارے دیر پا اقدامات کی بدولت صو بے میں امن اور سرمایہ کاری کا ماحول قائم ہونے کے علاوہ بجلی خود پیدا کرنے کی بدولت توانائی کا مکمل خاتمہ ہوجائے گا اور یہاں کے عوام لوڈ شیڈنگ کا نام بھی بھول جائیں گے۔پرویز خٹک نے کہاکہ نئے مالی سال میں صحت انصاف کارڈ کا دائرہ کار مزید دو لاکھ خاندانوں تک بڑھایا جا رہا ہے جس سے مفت طبی سہولیات کے اس پروگرام میں غربت کا احاطہ 51 فیصد سے 69 فیصد غریب خاندانوں تک پھیلا دیا جائے گا۔انہوں نے کہاکہ اگلے مالی سال کیلئے ترقیاتی اہداف کا حصول پچھلے سال کے مقابلے میں زیادہ آسان اور حقیقت پسندانہ بنا دیا گیا ہے۔ انہوں نے کہاکہ ماضی کی ناقص منصوبہ بندی کی وجہ سے سرکاری شعبے میں ایک طرف بھرتیوں کا جمعہ بازار لگایا گیا تو دوسری طرف اکثر پیداواری محکموں میں ٹیکنیکل عملے کی کمی کھل کر سامنے آئیں جس کے لئے صوبائی حکومت کو کافی محنت کرنا پڑی انہوں نے کہاکہ نئی مالی سال میں صوبے میں وسیع سرمایہ کاری کے علاوہ 20 ہزار سے زیادہ نئی آسامیاں پیدا کی جارہی ہیں جن پر شفاف انداز میں میرٹ کے مطابق بھرتیاں کی جائیں گی۔انہوں نے کہاکہ وسائل کی قلت کے باعث صوبے میں تنخواہوں اور غیر ضروری اخراجات کا گراف ترقیاتی مصارف سے کئی گنا بڑھ چکا ہے جو 145 ارب روپے کا فرق ظاہر کرتا ہے تاہم اب نئے مالی سال میں صوبائی حکومت کے ٹھو س اقدامات کے سبب نہ صرف یہ فرق ختم کرکے ترقیاتی فنڈز میں پانچ تا 10 ارب روپے کا اضافہ ہو گا بلکہ اس شرح میں بتدریج اضافہ بھی ہوتا رہے گا۔انہوں نے کہاکہ صوبے میں این جی اوز اور فلاحی اداروں کی سرگرمیاں قواعد وضوابط کے مطابق مربوط بنا دی گئی ہیں جس کی بدولت ان کے ثمرات سے عوام بہتر انداز میں مستفید ہونے کے علاوہ ترقیاتی سرگرمیوں میں دوہرے پن اور دیگر خرابیوں کا ازالہ بھی ممکن بن گیا ہے۔وزیراعلیٰ نے شعراء اور فنکاروں کیلئے 30ہزار روپے اعزازیے کی توثیق کرتے ہوئے کابینہ کے اتفاق رائے سے ٹیلنٹ اور غربت کو معیار بنانے کی منظوری دی اور اُمید ظاہر کی کہ اس اقدام کی بدولت معاشرے کے غریب مگر تخلیقی صلاحیتوں کے مالک شہری تنگدستی کے تفکرات سے کافی حد تک بے نیا ز ہو جائیں گے۔
تازہ ترین
- مضامینداد بیداد۔۔10بجے کا مطلب۔۔ڈاکٹر عنا یت اللہ فیضی
- ہوملوئر چترال پولیس کی کامیاب کاروائی 2444 گرام چرس برامد
- ہومٹریفک ڈرائیونگ سکول میں باقاعدہ کلاسز کا آغاز۔لوئر چترال پولیس کا ایک اور احسن اقدام
- ہومونڈز ایگل مارخور پولو ٹورنامنٹ سیزن ون اپنی تمام تر رعنایوں کے ساتھ چترال کے تاریخی پولو گراونڈ (جنالی) میں شروع
- ہومپولیس خدمت مرکز زارگراندہ میں ڈرائیونگ ٹیسٹ کا انعقاد کیا گیا۔ چترال پولیس
- ہوماپر چترال کی تمام سیاسی جماعتوں اور سول سوسائٹی تنظیموں نے سیسہ پلائی ہوئی دیوار کی مانند اہالیان تورکھو کے ساتھ ان کے احتجاج میں شریک ہوکر انتظامیہ کو گھٹنے ٹیکنے پر مجبور کردیا
- مضامینداد بیداد۔۔روم ایک دن میں نہیں بنا۔۔ڈاکٹر عنا یت اللہ فیضی
- ہوممعروف عالم دین اور مدرسہ امام محمد کراچی کے مہتمم قاری فیض اللہ چترا لی کی طرف سے میٹرک کی ضلعی سطح پر ٹاپ تھیر پوزیشن حاصل کرنے والے طلباء طالبات میں وظائف اور اقراء ایوارڈ کی تقسیم
- مضامیندھڑکنوں کی زبان ۔۔”بین السکول کھیلوں کے مقابلے اور محکمہ تعلیم اپر چترال”۔۔محمد جاوید حیات
- مضامیندھڑکنوں کی زبان۔۔۔”آج کل کا استاذ اور اس کی ذمہ داریاں “۔۔۔محمد جاوید حیات