پاکستان سمیت دنیا بھر میں امراضِ قلب انسانی اموات کی بڑی وجہ قرار

Print Friendly, PDF & Email

کراچی: ( مانیٹرنگ ڈیسک ) طبی ماہرین نے کہا ہے کہ پاکستان سمیت دنیا بھر میں انسانی اموات میں امراض قلب سب سے بڑی وجہ ہے، اس سلسلے میں آگاہی کے لئے 25 ستمبر کو عالمی دن منانے کے حوالے سے کراچی پریس کلب میں ایک پریس کانفرنس منعقد کی گئی۔

پریس کانفر نس سے خطاب کرتے ہوئے پروفیسر طارق اشرف،پروفیسر نواز لاشاری، پروفیسر طارق فرمان، ایسوسی ایٹ پروفیسر فیصل احمد نے کہا کہ دل کے امراض کی بڑی وجوہات میں کولیسٹرول کا بڑھنا،ہائی بلڈ پریشر، تمباکو نوشی،غیر متحرک طرز زندگی، ذیابیطس، موٹاپہ اور مضر صحت خوراک ہے۔ مقررین کا کہنا تھا انسانی اموات کی شرح کم کرنے کے لئے ہمیں اپنے طرز زندگی میں تبدیلیاں لانی ہوں گی۔

طبی ماہرین نے انکشاف کیا امراض قلب سے ہونے والی اموات میں نوجوانوں کی بڑی تعداد شامل ہے۔

ماہرین کے مطابق روزانہ 30 منٹ کی ورزش،چہل قدمی، ذہنی دباؤ سے بچاؤ، تمباکو نوشی ترک کرنا،کھانوں میں پھل اور سبزیوں کا مناسب استعمال،مضر صحت کھانو ں سے پرہیز،متناسب وزن دل کی بیماریوں سے بچاؤ میں اہم سنگ میل ثابت ہو سکتے ہیں۔

اس موقع پر امراض قلب کی اگاہی کے حوالے سے سرل کمپنی لمیٹڈ کے ایسوسی ایٹ ڈائریکٹرراشد سعید صاحب نے سرل کی سوسائٹی اور عوام کی خدمات کا ذکر کرتے ہوئے بتایا کہ سرل مفاد عامہ کے لیے ان پروگراموں میں پیش پیش ہے اور ان امراض کے لیے بہترین کوالٹی ادویات پاکستانی عوام کو فراہم کر رہی ہے۔