پاکستان مسلم لیگ ن پی کے ٹو لوئر چترال کے امیدوار امتیاز خواجہ نے شہزادہ خالد پرویز امیدوار پاکستان تحریک انصاف پارلیمنٹرین لوئر چترال کی غیر مشروط حمایت کا اعلان کرتے ہوئے اپنے کاغذات نامزدگی واپس لے لئے

Print Friendly, PDF & Email

چترال (محکم الدین) پاکستان مسلم لیگ ن پی کے ٹو لوئر چترال کے امیدوار امتیاز خواجہ نے شہزادہ خالد پرویز امیدوار پاکستان تحریک انصاف پارلیمنٹرین لوئر چترال کی غیر مشروط حمایت کا اعلان کرتے ہوئے اپنے کاغذات نامزدگی واپس لے لئے ۔ ہفتے کے روز چترال پریس کلب میں ایک پر ہجوم پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان مسلم لیگ ن چترال لوئر کے صدر عبدالولی خان ایڈوکیٹ نے کہا ۔کہ ہم نے چترال کے کئی سیاسی پارٹیوں سے الیکشن کیلئے سیٹ ایڈجسمنٹ اور الائنس کی کوشش کی۔ اور اس حوالے سے مشاورت کی۔ بالاخر پارٹی کے تمام رہنماوں و کارکنان کے ساتھ اجلاس کے بعد پاکستان تحریک انصاف پارلیمنٹیرین کے ساتھ مشاورت کامیاب ہوگئی۔ اور اس بات کا فیصلہ کیا گیا۔ کہ مسلم لیگ ن پی کے ٹو کے امیدوار امتیاز خواجہ اپنے کاغذات نامزدگی واپس لے گی۔ اور الیکشن میں پاکستان تحریک انصاف پارلیمنٹیرین کے امیدوار شہزادہ خالد پرویز کی کامیابی کیلئے کوشش کرے گی۔ جبکہ اس کے بدلے میں پاکستان تحریک انصاف پارلیمنٹیرین کے کارکنان اور ووٹر پاکستان مسلم لیگ ن کے امیدوار برائے این اے ون چترال شہزادہ افتخار الدین کو کامیاب بنانے کیلئے سرتوڑ کوشش کریں گے۔ اس موقع پر باقاعدہ طور پر امتیاز خواجہ امیدوار پی کے ٹو چترال نے شہزادہ خالد پرویز کے حق میں دستبرداری کا اعلان کیا۔ اور کہا۔ کہ وقت کی ضرورت اور مسلم لیگ ن و پی ٹی آئی پی کے بہتر مفاد میں میں نے پارٹی قیادت کے فیصلے سے اپنے کاغذات واپس لے لئے ہیں۔ تاکہ اب ہم این اے ون چترال کے امیدوار شہزادہ افتخار الدین اور پی کی ٹو لوئر چترال کے امیدوار شہزادہ خالد پرویز دونوں کو بھاری ووٹوں سے کامیاب کر سکیں۔ انہوں نے پارٹی کی طرف سے ان کو ٹکٹ دینے پر قیادت کا شکریہ ادا کیا۔ پاکستان تحریک انصاف پارلیمنٹرین لوئر چترال کے امیدوار شہزادہ خالد پرویز نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے سیٹ ایڈجسمنٹ کرکے مسلم لیگ ن کی طرف سے ان کے حق میں دست بردار ہونے اور ان کو سپورٹ کرنے پر عبدالولی خان ایڈوکیٹ اور جملہ قیادت کا شکریہ ادا کیا۔ اور کہا۔ کہ میرے بڑے بھائی شہزادہ افتخار الدین پی ایم ایل این کی طرف سے این اے ون کے امید وار ہیں۔ اور میں پی ٹی آئی پی کی طرف سے پی کے ٹو چترال کا امیدوار ہوں۔ اس لئے ہمارے اکثرمشترکہ ووٹر مخمسے کا شکار تھے۔ خود ہمیں بھی الیکشن کمپین میں مشکلات پیش آرہی تھیں۔ اب سیٹ ایڈجسمنٹ کے اس فیصلے سے دونوں پارٹیوں اور امیدواروں کا مسئلہ حل ہوگیا ہے۔ اور انشاء اللہ کامیابی ہماری ہوگی۔ انہوں نے کہا۔ کہ اب یکسوئی سے الیکشن کمپین کا ہمیں موقع مل گیا ہے۔ جس کی ہم کوشش کر رہے تھے۔ پریس کانفرنس کے موقع پر دونوں پارٹیوں کے قائدین محمد کوثر ایڈوکیٹ، سابق ناظم سہراب احمد، چاویلو نور احمد خان، شیر زمین خان ناظم کے علاوہ بڑی تعداد میں کارکنان موجود تھے۔