صحافی گل حماد فاروقی متاثرہ مزدوروں سے اپنی روئیے کے لئے معذرت طلب کرے۔سول سوسائٹی لوئر چترال

Print Friendly, PDF & Email

 

چترال (نمائندہ چترال میل) لویر چترال کی سول سوسائٹی کے نمائندوں نے کہا ہے کہ گزشتہ دنوں چترال بونی روڈ پر گل حماد فاروقی کا چترال بونی روڈ پر عمر جان کنسٹرکشن کمپنی کے مزدوروں کو گالی دینے اورچور، چور کہہ کرآواز دے کر ہراسان کرنے اور ان کا وقت ضائع کرنے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر اس شخص کی بچگانہ حرکات کی وجہ سے اس روڈ پراجیکٹ پر کام بند ہوا تو چترالی قوم انہیں کبھی معاف نہیں کرے گی۔ منگل کے روز چترال پریس کلب میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے معراج احمد، عنایت الرحمن، گل منیر، شیر عالم، اسحاق الرحمن، تبریز خان، ارسلان، اقبال احمد، مظفر علی اور اشفاق احمد نے کہاکہ چترال بونی روڈ پر عمر جان کمپنی این ایچ اے کے ماتحت کام کر رہی ہے جبکہ کام کا معیار چیک کرنے کے لئے کنسلٹنٹ کمپنی نیسپاک موجود ہے اور کام کی معیار اور مقدار میں فرق آنے پر یہ دوادارے فوری ایکشن لیتے ہیں لیکن مذکورہ صحافی نے ناقص کام کے بارے میں متعلقہ اداروں یا کمپنی کے مجاز نمائندے کی بجائے مزدوروں سے الجھ پڑے اور نوبت ہاتھا پائی تک جاپہنچی۔ انہوں نے کہاکہ مزدوروں کو کسی میڈیا والے کے ساتھ بات کرنے کا نہ تو اختیار ہے اور نہ اسے کچھ علم ہوتا ہے لیکن ان کی غربت سے فائدہ اٹھاکر انہیں گالی دے کر ان کی عزت نفس کو مجروح کی گئی جن کا قصور صرف یہ ہے کہ وہ غریب محنت کش ہیں۔ انہوں نے مطالبہ کیا ہے کہ مذکورہ صحافی متاثرہ مزدوروں سے اپنی روئیے کے لئے معذرت طلب کرے۔