ماحول کے تحفظ کے لئے اسماعیلی سوک کے اقدامات کو سراہتے ہیں، حسن عابد ڈی سی لوئر چترال

Print Friendly, PDF & Email

چترال (نما یندہ چترال میل) 26 ستمبر کو اسماعیلی مسلم کمیونٹی گلوبل اسماعیلی سوک ڈے منانے کا اہتمام کررہی ہے۔ اس سلسلے میں آج اسماعیلی کونسل برائے لوئر چترال کے صدر ریاض حسین اور اسماعیلی کمیونٹی کے عمائدین نے ڈی سی لوئر چترال حسن عابد سے ملاقات کی۔ صدر اسماعیلی کونسل برائے لوئر چترال نے اسماعیلی کمیونٹی کی جانب سے پاکستان میں 2022 کے اختتام سے پہلے 10 لاکھ پودے لگانے کے پروگرام سے ڈی سی لوئر چترال حسن عابد کو آگاہ کیا۔ ملاقات میں ڈی سی کو اسماعیلی سوک کی جانب سے جاری ”درخت سے حیات“ اور ”صاف خوشحال پاکستان“ مہمات کے بارے میں بھی تفصیلی آگاہ کیا گیا یہ سرگرمیاں اسماعیلی سوک کی زیرنگرانی اس سال کے شروع سے جاری ہیں۔
ڈی سی حسن عابد نے اسماعیلی کمیونٹی کے جذبہ خدمت اور آغا خان ڈیویلپمنٹ نیٹ ورک کے چترال کے لوگوں کی معیار زندگی کو بہتر بنانے کے لئے انجام دیئے گئے خدمات کو سراہااور اس امید کا اظہار کیا کہ اے کے ڈی این کے تمام ادارے علاقے میں لوگوں کی زندگیوں میں بہتری لانے کے اپنے مشن کو جاری رکھیں گے۔ انہوں نے کہا کہ وہ اپنے ضلع کے لوگوں کی زندگی بہتر بنانے کے لئے تمام مخیر افراد اور اداروں کے ساتھ اپنا بھر پور تعاؤن جاری رکھیں گے۔میٹنگ کے اختتام پر پریذیڈنٹ اسماعیلی کونسل برائے لوئر چترال نے ڈی سی چترال لویر کواسماعیلی سوک کی جانب سے اعزازی شیلڈ بھی پیش کیا۔
یاد رہے کہ اسماعیلی سوک ایک بین الاقوامی پروگرام ہے جس کے ذریعے شیعہ اسماعیلی مسلم کمیونٹی متحد ہو کر انسانیت کی خدمت کرتی ہے جو کہ صدیوں پرانی اسماعیلی روایات میں شامل ہے۔ خصوصاً ایسے لوگوں کی معیار زندگی کو اس پروگرام کے ذریعے بہتر بنانے کی کوشش کی جاتی ہے جو اسماعیلی کمیونٹی کے ساتھ رہتے ہیں خواہ ان کا تعلق کسی بھی عقیدے اور نظریے سے ہو۔ یہ خدمت ایک ذمہ دار شہری کے اخلاقیات کی عکاسی کرتی ہے جو اسلام کی بنیادی خدمت، امن، ہمدردی اور کمزوروں کی دیکھ بھال کے اقدار کی مثال ہیں۔
گلوبل اسماعیلی سوک ڈے کے موقع پر دنیا بھر میں مختلف سرگرمیوں کا انعقاد کیا جائے گا جن میں 20 ہزار سے زائد رضاکار مختلف ممالک میں ایک لاکھ گھنٹے سے زیادہ رضاکارانہ خدمات انجام دیں گے۔ پاکستان میں شجر کاری مہم، صفائی مہم اور نوجوانوں میں آگاہی پیدا کرنے کے لئے مختلف مقابلوں کا انعقاد بھی ان سرگرمیوں میں شامل ہیں۔