ٹی ایچ کیو ہسپتال دروش میں لیڈی ڈاکٹر تعینات نہ ہونے کی صورت میں احتجاج شروع کیا جائے گا/عمائدین کے اجلاس میں فیصلہ

Print Friendly, PDF & Email

دروش (نما یندہ چترا ل میل) عمائدین دروش نے تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال دروش میں طویل عرصے سے لیڈی ڈاکٹر کی عدم تعیناتی کیخلاف احتجاجی تحریک چلانے کا فیصلہ کرلیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق عمائدین دروش کا ایک اہم اجلاس دروش میں منعقد ہوا جس میں مختلف سیاسی جماعتوں کے نمائندگان، تجار یونین اور ڈرائیور یونین کے ذمہ دار بھی شریک ہوئے۔ شرکاء اجلاس نے اس بات پر سخت تشویش کا اظہار کیا کہ دروش جیسے بڑے آبادی والے علاقے کے تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال میں طویل عرصے سے لیڈی ڈاکٹر موجود نہیں جسکی وجہ سے علاقے کے عوام کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ بار بار کے عوامی مطالبے کے باوجود دروش ہسپتال میں لیڈی ڈاکٹر کی عدم تعیناتی عوام کے ساتھ سنگین زیادتی ہے جو کہ اب ناقابل برداشت ہوچکی ہے۔ عمائدین نے متفقہ طور پر فیصلہ کیا کہ اس زیادتی اور ناانصافی کے خلاف احتجاج شروع کیا جائے گا اور آنے والے جمعہ کے اجتماعات میں کیسو سے لیکر عشریت اور ارندو تک عوام کو احتجاج سے آگاہ کیا جائیگا، اگلے اتوار 27دسمبر بوقت 10بجے احتجاج شروع کرنے کے لئے دوبارہ مشاوت ہوگی اور احتجاج جلسہ جلوس روڈ بلاک دھرنہ تحریک دروش ہسپتال میں لیڈی ڈاکٹر وں کے آنے تک جاری رکھا جائے گا۔ عمائدین نے متنبہ کیا کہ اگر اس دوران ہسپتال میں لیڈی ڈاکٹر نہ ہونے کے باعث کسی بھی جانی مقصان کا ایف آئی آر محکمہ صحت اور انتظامی حکام کے خلاف درج کیا جائیگا۔