آیون اینڈویلیز ڈویلپمنٹ پروگرام (AVDP) کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کا ایک اہم اجلاس زیر صدارت صدر شریف احمد اے وی ڈی پی آفس میں منعقد ہوا

Print Friendly, PDF & Email

چترال (نمائندہ چترال میل ) آیون اینڈویلیز ڈویلپمنٹ پروگرام (AVDP) کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کا ایک اہم اجلاس زیر صدارت صدر شریف احمد اے وی ڈی پی آفس میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں بورڈ آف ڈائریکٹرز کیممبران نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ اجلاس میں اے کے آر ایس پی کے تعاؤن سے بمبوریت،رمبور اور بریر میں تعمیر ہونے والے ڈیزاسٹر پراجیکٹس، رمبور و بمبوریت میں گرین ہاؤسز کی تعمیر سے پہنچنے والے فوائد، آفس وہیکل کے ضروری اخراجات و جانچ پڑتال، اے وی ڈی پی آفس کی تعمیر سمیت کئی امور زیر بحث آئے، اور اس حوالے سے اے کے آر ایس کے بھر پور مالی تعاون پر ادارے کا شکریہ ادا کیا گیا۔
اجلاس میں اے کے آر ایس پی سے اس توقع کا اظہار کیا گیا، کہ وہ حسب سابق اے وی ڈی پی کے ساتھ مشاورت سے مزید پراجیکٹس تعمیر کرے گا۔ تاکہ زیادہ سے زیادہ کمیونٹی کو فائدہ ہو۔ اجلاس میں اس بات پر اتفاق کیا گیا۔ کہ اے وی ڈی پی بورڈ کالاش وادیوں میں تعمیر شدہ پراجیکٹس کا معائنہ کرے گا۔ اور یہ جاننے کی کوشش کرے گا، کہ ان پراجیکٹس سے کمیونٹی کو کس حد تک فوائد مل چکے ہیں، اور اس قسم کے دیگر پراجیکٹس کو اے کے آرایس پی سے مل کر کیسے مزید بہتر بنایا جا سکتا ہے۔
اجلاس میں اس بات پر نہایت افسوس و تشویش کا اظہار کیا گیا۔ کہ ایون ملحقہ کالاش ویلیز کا گیٹ وے ہے۔ اور روزانہ کی بنیاد پر سینکڑوں ملکی اور غیر ملکی سیاح کالاش وادیوں کو جانے کیلئے آیون جنالی میں گاڑیوں کا انتظار کرتے ہیں۔ جن میں بہت بڑی تعداد سیاح خواتین،بچوں بزرگ سیاحوں کی ہے، مگر یہاں ان کیلئے انتظار گاہ اور واش رومز کی سہولت نہ ہونے کے باعث ایک طرف ان مسافروں کو انتہائی اذیت اور پریشانی سے گزرنا پڑتا ہے اور دوسری طرف علاقہ آیون اور پورے چترال کی بدنامی ہوتی ہے، انہوں نے کہا کہ آیون جنالی بازار میں کرایے کی بلڈنگ موجود ہیں،جن میں ہر قسم کی سہولتیں موجود ہیں، اس لئے سیاحوں کی سہولت کیلئے یہاں کرایے کا انتظار گاہ یا فسیلیٹیشن سنٹر قائم کیا جائے ، اے وی ڈی پی اس سلسلے میں ضلعی انتظامیہ چترال اور کالاش ویلیز ڈویلپمنٹ اتھارٹی کی بھر پور معاونت کرے گا ۔
انہوں نے کہا۔ کہ کے وی ڈی اے سیاحوں کو سہولت دینے کے حوالے سے اے وی ڈی پی کواپنا معاون اور مددگار پائے گا ۔ اور اے وی ڈی پی کو سیاحتی ترقی کیلئے حسب سابق کام کرتے ہوئے خوشی ہوگی ۔ انہوں نے اس موقع پر کالاش ویلیز ڈویلپمنٹ پروگرام کے ڈائریکٹر جنرل فدائالکریم سے ملاقات کی ضرورت پر زور دیا۔ تاکہ گذشتہ اکیس سالوں سے کالاش وادیوں میں اے وی ڈی پی کی طرف سے کی جانے والی خدمات اور ترقیاتی کاموں کے بارے میں آگہی فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ مستقبل میں مل جل کر کام کرنے کی راہ ہموار کی جاسکے۔