اہالیان تورکھو اور تریچ استارو پل کے منہدم ہونے اور موسم سرما کی آمد کے ساتھ جس کرب اور مشکلات میں مبتلا ہیں، وہ ناقابل بیان ہے۔مغفرت شاہ سابق ضلع ناظم چترال

Print Friendly, PDF & Email

چترال (نمائندہ چترال میل) سابق ضلع ناظم چترال مغفرت شاہ نے نومہینوں کے طویل عرصے میں استارو کے مقام پر عارضی اسٹیل پل ایستادہ کرکے تورکھو اور تریچ کی ایک لاکھ سے ذیادہ آبادی کو ریلیف دینے میں ناکامی پر پی ٹی آئی حکومت کو ہدف تنقید بناتے ہوئے کہا ہے تورکھو روڈ اور اس کے ساتھ آرسی سی پلوں کی تکمیل میں غیر معمولی تاخیر بھی حکومتی ناکامی کا منہ بولتا ثبوت ہیں۔ ایک اخباری بیان میں انہوں نے کہا ہے کہ اہالیان تورکھو اور تریچ استارو پل کے منہدم ہونے اور موسم سرما کی آمد کے ساتھ جس کرب اور مشکلات میں مبتلا ہیں، وہ ناقابل بیان ہے اور اس کی بازگشت میڈیا کے ذریعے دنیا کے کونے کونے تک پہنچ گئی ہے۔ انہوں نے کہاکہ حکومت نے تورکھو روڈ کے ٹھیکہ دار کو کھلی چھٹی دے رکھی ہے بلکہ اس کے اشاروں پر ناچ رہی ہے کیونکہ مبینہ طور پر اس کا تعلق حکمران جماعت سے جاملتی ہے اور ان کے ایماء پر سی اینڈ ڈبلیو ڈ یپارٹمنٹ کے ایکسین تک کاتبادلہ کیا گیا۔ انہوں نے کہاکہ استارو پل کے انہدام کا ذمہ دار بھی یہ ٹھیکہ دار ہی ہے جوکہ پل کی تین شہتیریں ٹوٹ جانے اورمقامی لوگوں کے بار بار منع کرنے کے باوجود لوڈ ڈ مزدا وہاں سے گزارتے رہے اور آخرکار گرجانے اس علاقے کے عوام شدید مشکل میں مبتلا ہوگئے لیکن ان سے کوئی پوچھ گچھ تک نہیں ہوئی۔