پشاور شہر میں اقلیتی کمیونٹی کے لیے کمیونٹی بیسڈ سکول کی عمارت کی تعمیر کے منصوبے کا افتتاح۔ معاون خصوصی برائے اقلیتی امور وزیر زادہ

Print Friendly, PDF & Email

پشاور (نمائندہ چترال میل)وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کے معاون خصوصی برائے اقلیتی امور وزیر زادہ نے منگل کے روز پشاور شہر میں اقلیتی کمیونٹی کے لیے کمیونٹی بیسڈ سکول کی عمارت کی تعمیر کے منصوبے کا افتتاح کیا ہے۔اس سکول کے لیے تین منزلہ عمارت تعمیر کی جائے گی۔
جس کی تخمینہ لاگت 23 ملین روپے ہے۔ اس موقع پر ممبر صوبائی اسمبلی رنجیت سنگھ بھی موجود تھے۔ وزیر زادہ نے کہا کہ یہ اسکول کی عمارت کا نہیں بلکہ آنے والی نسلوں کے روشن مستقبل کا افتتاح ہے۔ اقلیتی برادری کی حقیقی معنوں میں ترقی کے لیے متعدد منصوبے لا رہے ہیں۔ صوبائی حکومت اقلیتوں کی فلاح وبہبود کے لیے سنجیدہ اقدامات اٹھا رہی ہے اور ان کے تمام تر مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سرکاری ملازمتوں میں اقلیتی برادری کے لیے مختص کوٹہ پر من وعن عملدرآمد یقینی بنا رہے ہیں۔ وزیر زادہ کا کہنا تھا کہ وزیر اعلیٰ محمود خان اقلیتوں کی ترقی و فلاح پر یقین رکھتے ہیں اور ان کی ہدایات کی روشنی میں پوری حکومتی مشینری جامع منصوبہ بندی کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہاؤسنگ سکیم میں بھی اقلیتوں کا کوٹہ مختص کرنے کے لیے تگ ودو کر رہے ہیں۔ وزیر زادہ نے کہا کہ پاکستان میں اقلیتیں محفوظ ہیں اور ان کے حقوق کا خاص خیال رکھا جاتا ہے۔ ممبر صوبائی اسمبلی رنجیت سنگھ نے سکھ کمیونٹی کی جانب سے معاون خصوصی وزیر زادہ کا خصوصی شکریہ ادا کیا اور نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔