مولاناچترالی اپنی حیثیت اور ذمہ داریوں کے احساس سے عاری ہیں‘ پی ٹی آئی چترال

Print Friendly, PDF & Email

چترال (نمائندہ چترال میل)عبد الاکبر چترالی دوسری مرتبہ ایم این اے منتخب ہو کر بھی اپنی حیثیت اور ذمہ داریوں کے احساس سے عاری ہیں قومی مسائل حل کرنے کی بجائے مقامی زاکواۃ کمیٹیوں کا ایشو کھڑا کرنا ان کی ذہنی سطح کی نشاندہی کرتا ہے۔گزشتہ دور میں محکمہ زکواۃ پر قابض رہ کر اپنے ورکروں کو نوازنے والی پارٹی اب تحریک انصاف کے چیئرمین سے خوفزدہ کیوں ہے۔ان خیالات کا اظہار تحریک انصاف چترال کے رہنماء امین الحسن نے مولانا عبد الاکبر چترالی ایم این اے کے اخباری بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ گزشتہ حکومت میں جماعت اسلامی پی ٹی آئی کی اتحادی تھی اور صوبائی وزارت زکواۃ و عشر جماعت اسلامی کے پاس تھی۔تب چترال میں کسی کو پتہ بھی نہ چلا کہ ڈسٹرکٹ زکواۃ چیئرمین کون ہیں اور لوکل زکواۃ چیئرمین کس بنیاد پر نامزد کئے گئے لیکن اب جب تحریک انصاف کے ایک ورکر کو زکواۃ کی چیئرمین شپ دی گئی تو جماعت اسلامی کے پیٹ میں مروڑ اٹھنے لگے۔انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی جتنا بھی شور مچائے لیکن تحریک انصاف چترال میں زکواۃ مستحقین تک حق پہنچانے میں اپنی جدوجہد جاری رکھے گی۔