پیرامیڈیکل ایسوسی ایشن ضلع چترال اور پیرامیڈیکل ایسوسی ایشن ڈی ایچ کیو ہسپتال چترال کے نو منتخب عہدہ داروں کی حلف برداری کی پُر وقار تقریب چترال کے ایک مقامی ہوٹل میں منعقد ہوئی

Print Friendly, PDF & Email

چترال (محکم الدین) پیرامیڈیکل ایسوسی ایشن ضلع چترال اور پیرامیڈیکل ایسوسی ایشن ڈی ایچ کیو ہسپتال چترال کے نو منتخب عہدہ داروں کی حلف برداری کی پُر وقار تقریب چترال کے ایک مقامی ہوٹل میں منعقد ہوئی۔تقریب کے صدر محفل ممتاز قانون دان عبد الولی ایڈوکیٹ تھے۔ تقریب میں ڈپٹی ڈی ایچ او نے نومنتخب اراکین سے اُن کے عہدوں کا حلف لیا۔ نو منتخب صدر پیرامیڈیکس ڈسٹرکٹ چترال نے جمال الدین نے خطاب کرتے ہوئے کہا۔ کہ ہمارا نصب العین بھائی چارے کا فروغ، نفرت کا خاتمہ اور دُکھی انسانیت کی خدمت ہے۔ اور ہم عوام چترال کو صحت کے شعبے میں اپنی خد مات بلا امتیاز فراہم کرنے پر یقین رکھتے ہیں۔ انشا ء اللہ میں اور میرے رفقاء کار اس آزمائش میں پورا اُترنے کی ہر ممکن کوشش کریں گے۔ انہوں نے کہا۔ کہ پیرا میڈیکس کے بعض مسائل جن میں سروس سٹرکچر، فائر ووڈ الاءونس شامل ہیں پہلے ہی حل ہو چکے ہیں۔ لیکن ہیلتھ کی سنیارٹی لسٹ جو کہ صوبے کو فراہم کی گئی ہے، پر عملدرآمد مسلسل تاخیر کا شکار ہو رہا ہے۔ جس کیلئے موجودہ کابینہ بھر پور جدو جہد کرے گی۔ انہوں نے سیاسی قائدین سے مطالبہ کیا۔ کہ وہ محکمہ ہیلتھ میں سیاسی دخل اندازی سے گریز کریں۔ انہوں نیڈی ایچ او چترال سے اس اُ مید کا اظہار کیا۔ کہ وہ ہیلتھ کی ضلعی بجٹ کی تیاری میں پیرامیڈیکس کے عہدہ داروں کو اعتماد میں لیں گے۔ اور نومنتخب کابینہ کیلئے دفتر کی فراہمی کو یقینی بنائیں گے۔ صدر پیرا میڈیکس ڈی ایچ کیو ہسپتال چترال وقار احمد نے تمام ووٹ دہندگان کا شکریہ ادا کیا۔ اور کہا۔ کہ ہسپتال کے اندر کے مسائل کے حل کیلئے سازگار ماحول میں ایم ایس اور دیگر آفیسران سے بات چیت کے ذریعے راستہ نکالنے کی کو شش کی جائے گی۔ تقریب سے نرسنگ اسٹاف کی نمایندہ سکینہ بی بی نے تمام سیاسی نمایندگان کی بے حسی پر انتہائی افسوس کا اظہار کرتی ہوئی کہا۔ کہ کسی بھی عوامی نمائندے نے نر سز کے مسائل کے بارے میں آج تک نہیں پوچھا۔ کہ اُنہیں کیامسائل درپیش ہیں۔ جبکہ یہ شب و روز مریضوں کی خدمت میں مصروف رہتی ہیں۔ اُنہوں نے کہا۔ کہ نرسز کے پاس رہائش کیلئے کوئی انتظام نہیں۔ ایک ایک کمرے میں پوری فیملی رہنے پر مجبور ہے۔ اور جس کرب اور مشکل میں وقت گزار رہی ہیں وہ ناقابل بیان ہے۔ تقریب سے آل ایمپلائز کو آرڈنیشن کونسل کے صدر امیر الملک، پاکستان پیپلز پارٹی اپر چترال کے جنرل سیکرٹری حمید جلال، صدر لوئر چترال شریف حسین، امیر جماعت اسلامی چترال مولانا جمشید احمد اور صدر محفل عبد الولی ایڈوکیٹ نے اپنے خطاب میں پیرامیڈیکل ایسوسی ایشن چترال کی خدمات کی تعریف کی۔ اور نومنتخب کابینہ کیلئے نیک تمناءوں کا اظہار کرنے کے ساتھ ساتھ اُن کے مسائل کے حل کیلئے ہر فورم پر اُن کی بھر پور مدد اور تعاون جاری رکھنے کی یقین دھانی کی۔ خصوصا نرس بہنوں کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر اُٹھانے کے عزم کا اظہار کیا۔