جشن شندور کو کامیاب بنانے کیلئے اختلافات کو دور کرنے پر کمشنر مالاکنڈ کا شکریہ۔ شہزادہ سکندر الملک

Print Friendly, PDF & Email

چترال (نمائندہ چترال میل) پولو ایسوسی ایشن چترال کے صدر شہزادہ سکندر الملک نے جشن شندور کو کامیاب بنانے کے لئے چترال میں گزشتہ کئی دنوں سے موجود کشیدگی کو ختم کرنے کے واسطے چترال تشریف لانے اور اختلافات کو ختم کرنے پر کمشنر ملاکنڈ ڈویژن ریاض خان محسود کا خصوصی شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ ہماری ڈویژن کی خوش قسمتی ہے کہ ہمیں اعلیٰ انتظامی صلاحیتوں سے بھر پور افسر کی خدمات ڈویژن کے سربراہ کے طور پر حاصل ہیں۔ ایک اخباری بیان میں انہوں نے کہا ہے کہ اختلافات رائے کا ہونا ایک قدرتی امر ہے جنہیں باہمی گفت وشنید کے ذریعے حل کئے جاتے ہیں اور چترال میں بھی گزشتہ دنوں پیدا ہونے والے مسئلے کو حل کرنے میں کمشنر ملاکنڈ ڈویژن نے وقت ضائع کئے بغیر چترال تشریف لائے اور اپنی انتظامی صلاحیتوں کا مظاہر ہ کرتے ہوئے سب کو مطمئن کردیا اور اب ہم ضلعی انتظامیہ کے شانہ بشانہ اس فیسٹول کی کامیابی کے لئے کام کا آغاز کردیا ہے۔ شہزادہ سکندرالملک نے کمانڈنٹ چترال سکاوٹس کرنل معین الدین، ڈی سی لویر چترال خورشید عالم محسود اور ڈی پی او فرقان بلال کا بھی شکریہ اداکرتے ہوئے کہاکہ انہوں نے مسئلے کے حل میں مثبت کردار ادا کیا۔ انہوں نے ضلع ناظم مغفرت شاہ کی کوششوں کا خصوصی طور پر ذکر کرتے ہوئے کہاکہ بحران کے وقت انہوں نے پولو ایسوسی ایشن اور ضلعی انتظامیہ کے درمیان پل کا کردار ادا کیا اور ان کے درمیان پائی جانے والی غلط فہمیوں کو دور کرنے کی کوشش کی۔