بھارتی جارحیت کے خلاف جمعہ کے روز چترال کے طول وعرض میں احتجاجی جلوس نکالے گئے اور جلسہ منعقد کیا گیا

Print Friendly, PDF & Email

چترال (نمائندہ چترال میل) بھارتی جارحیت کے خلاف جمعہ کے روز چترال کے طول وعرض میں احتجاجی جلوس نکالے گئے اور جلسہ منعقد کرکے مودی سرکار کی جنگی جنون کی مذمت کرتے ہوئے اس عز م کا اظہار کیا گیا کہ بیرونی جارحیت کے مقابلے میں پوری قوم سیسہ پلائی ہوئی دیوار کی مانند متحد ہے۔ دروش، بونی، وریجون، ایون، مستوج، شاگرام، گرم چشمہ اور دوسرے مقامات سے احتجاج کی خبریں موصول ہوئیں جبکہ چترال شہر میں سب سے بڑا احتجاجی پروگرام اتالیق چوک میں ہوا جس میں نمازجمعہ کے بعد ہزاروں افراد شریک ہوئے اور شہر کے مختلف مساجد کے علاوہ دروش سے بھی قاری جمال عبدالناصر کی قیادت میں جلوس چترال پہنچ کر جلسے میں شرکت کی۔ جلسے سے ضلع ناظم چترال مغفرت شاہ کے علاوہ ایم پی اے مولانا ہدایت الرحمن، عبد الطیف صدر پی ٹی ائی ضلع چترال، سابق ایم پی اے مولانا عبدالرحمن، تجار یونین کے صدر شبیر احمد، صدر ڈرائیور یونین صابر احمد، صدر چترال پریس کلب ظہیر الدین، سیکرٹری ڈسٹرکٹ بار وقاص احمد ایڈوکیٹ، معروف عالم دین مولانا اسرا ر الدین الہلال، قاری جمال عبدالناصر، مولانا ہدایت اللہ، قاضی نسیم، مولانا جاوید اور سول سوسائٹی کے نمائندے حاجی عبدالجلیل، محمد کوثر ایڈوکیٹ اور دوسروں نے خطاب کیا۔ اس موقع پر جہانگیر جگر اور صلاح الدین طوفان نے نظم پیش کی جبکہ بھارتی وزیر اعظم مودی کا پتلا بھی نذر آتش کردیا گیا اور انڈیا کے خلاف نعرے لگائے گئے۔ مقررین نے پاک فوج کی کارکردگی کو سراہا اور فوج کے سپہ سالار جنرل باجوہ کو خراج تحسین پیش کیا۔ انہوں نے کہاکہ افواج پاکستان نے بھارت پر واضح کردیاکہ وہ کسی بھی بیرونی جارحیت کا منہ توڑجواب دینے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ بھارتی جنگی جہاز کو مارگرانے والے پاک فضائیہ کے پائلٹ حسن صدیقی کے لئے مولانا اسرار الدین نے چترالی چغہ اور ٹوپی بھیجوانے کا اعلان کیا۔