عام انتخابات الیکشن کمیشن آف پاکستان کی طرف سے جاری کردہ ضابطہ اخلاق پر سوفیصد عملدرامد کو یقینی بنانے میں کوئی کسر نہیں چھوڑی جائے گی۔ڈپٹی کمشنر چترال خورشید عالم محسود

Print Friendly, PDF & Email

چترال (نما یندہ چترال میل) ڈپٹی کمشنر چترال خورشید عالم محسود نے کہا ہے کہ عام انتخابات الیکشن کمیشن آف پاکستان کی طرف سے جاری کردہ ضابطہ اخلاق پر سوفیصد عملدرامد کو یقینی بنانے میں کوئی کسر نہیں چھوڑی جائے گی تاکہ آزادانہ، منصفانہ اور غیر جانبدرانہ انتخابات ممکن ہوسکے۔ بدھ کے روز اپنے دفترمیں چترال پریس کلب کے صحا فیوں سے گفتگوکرتے ہوئے کہاکہ چترال میں انتخاب میں حصہ لینے والے امیدوار انتہائی سمجھدار اور قانون کا احترام کرنے والے ہیں جوکہ خوش آئندبات ہے اور اس وجہ سے کوئی مسئلہ درپیش نہیں ہوگا لیکن انتظامیہ نے پاک فوج کی تعاون سے پولنگ کے دن فل پروف سیکیورٹی انتظامات کے حوالے تیاری مکمل کی ہے۔ چترال میں بجلی کی لوڈ شیڈنگ کے حوالے سے انہوں نے کہاکہ پیسکو کی طرف سے اس بلا جواز لوڈ شیڈنگ کے بارے میں انہوں نے پیسکو چیف سے بات کرکے ان پر واضح کردیا ہے کہ بجلی کی دستیابی اور ٹرانسمیشن لائن کی درستگی کے باوجود لوڈ شیڈنگ کے ذریعے بجلی کی بندش کا کوئی جواز نہیں بنتا جبکہ اس کے نتیجے میں گولین گول ہائیڈروپاؤر اسٹیشن کی یونٹ کو نقصان پہنچنے کا بھی خطرہ پید ا ہوتا ہے اور چترال میں اگر امن وامان کا کوئی مسئلہ درپیش ہوگا تو اسی وجہ سے ہوگا۔ اسی طرح انہوں نے لواری ٹنل کی پبلک ٹرانسپورٹ کے لئے ٹائمنگ کے حوالے سے بھی مناسب اور عوام کی سہولت کے مطابق شیڈول بنانے کی یقین دہانی کرائی۔ ڈی سی چترال نے کہاکہ چترال کے عوام کو درپیش بڑے بڑے مسائل کے حل کے لئے ضلعی انتظامیہ کو حاصل اختیارات اور مینڈیٹ کے عام انتخابات کے بعدباضابطہ طور پر کام کیا جائے گا۔