انجمن ترقی کہوار حلقہ ایون کی کابینہ اور سنیئر ممبران کا ایک اجلاس ۔اجلاس میں ایون میں ادبی سرگرمیوں کو فروغ دینے کے حوالے سے مختلف تجاویز پر غور کیا گیا۔

Print Friendly, PDF & Email

چترال (محکم الدین) انجمن ترقی کہوار حلقہ ایون کی کابینہ اور سنیئر ممبران کا ایک اجلاس حافظ خوشولی خان صدر انجمن کے دولت خانے پر اُن کی صدارت میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں ایون میں ادبی سرگرمیوں کو فروغ دینے کے حوالے سے مختلف تجاویز پر غور کیا گیا۔ اور اس امر پر خوشی کا اظہار کیا گیا۔ کہ گذشتہ مہینے حلقہ ایون کی طرف سے کل چترال محفل مشاعرہ انتہائی کامیاب رہا۔ اور ضلع بھر سے نامور شعراء کرام نے اس میں شرکت کی۔ جس سے ایون کے نوجوان شعراء کو سنیئر شعراء سے تبادلہ خیال کرنے اور شعرو ادب کے حوالے سے بہت کچھ سیکھنے کا موقع ملا۔ اجلاس میں کہا گیا۔ کہ ایون کے تمام شعراء میں باہمی اتفاق و اتحاد کاگہرا اور لازوال رشتہ موجود ہے۔ اور ادب کے اس گلستان میں ہر پھول کا اپنا الگ رنگ اور مقام ہے، جس کی قدر کرتے ہیں۔ تاہم انجمن کے استحکام، فروغ کیلئے انجمن کے قوا عد و ضوابط پر کاربند رہنا ہم سب کی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے کہا۔ کہ مختلف تنظیمات میں تقسیم ہونے کی بجائے ایک ہی ادبی تنظیم کو فعال بنانے سے زیادہ بہتر نتائج حاصل کئے جاسکتے ہیں۔ صدر انجمن ترقی کہوار حلقہ ایون حافظ خوشولی خان نے کہا۔ کہ اسلام میں اچھی رہنمائی کے حامل شعراء کا بہت مقام ہے۔ اور شعر گوئی ایسا فن ہے۔ جس کے ذریعے دو مصرعہ میں وہ باتیں کی جاسکتی ہیں، جو بات ایک صفحے کی تحریر سے سمجھائی نہیں جا سکتیں۔ فروغ اسلام میں شعر گوئی نے اہم کردار ادا کیا ہے۔ اور شعراء کا منفرد مقام ہے۔ انہوں نے کہا۔ کہ شعرو ادب میں اصلاح بنیادی اہمیت کی حامل ہے۔ اپنے شعروں کی اصلاح کیلئے جو سنیئر شعراء کی مدد حاصل کرتے ہیں۔ وہ بہت جلد شعروادب کی بلندیوں تک پہنچ جاتے ہیں۔ اس لئے یہ ضروری ہے۔ کہ شعروں کی اصلاح کا سلسلہ شروع کیا جائے۔ خصوصا مشاعرے کے بڑے محافل کیلئے قبل از وقت اس اصلاح کیلئے کلام حلقہ کے ذمہ داروں تک پہنچانا بہت ضروری ہے۔ تاکہ اُن کو سٹیج پر موقع دیا جا سکے۔ انہوں نے کہا۔ کہ انجمن کے صدر کی حیثیت سے ذمہ داری اُنہیں دی گئی ہے۔ اس لئے تمام شعراء اُن کے ساتھ بھر پور تعاون کریں۔ اجلاس میں شعراء سے انجمن کے ماہوار چندہ کو بلا تاخیر جمع کرنے کی ضرورت پر زور دیا گیا۔ انہوں نے نوجوان شعراء سے ا پیل کی۔کہ اپنے نام انجمن ترقی کہوار حلقہ ایون کے ساتھ رجسٹرڈ کریں ۔ اجلاس میں اردو شاعری کی طرف بھی توجہ دینے، تنقیدی نشست کے انعقاد، طر حی مشاعرے کی بجائے موضوع پر مشاعرے کو رواج دینے کے حوالے سے بھی اظہار خیال کیا گیا۔ اجلاس کے بعد مختصر محفل مشاعرہ ہوا۔ جس میں حافظ خوشولی خان ولیؔ، خالد ظفر ظفرؔ نے نعت شریف، جبکہ سنئیر شاعر عنایت اللہ اسیرؔ نے اپنے کلام پیش کئے۔ اجلاس میں محمد اسرار گل داودیؔ، ذکریا عمر ذاکرؔ، مظفرالدین مظفرؔ،مولانا شیر زمان،آفتاب عثمان و فنانس سیکرٹری موجود تھے۔