اپر چترال کی وادی تریچ کے شاگروم گاؤں میں یورپین یونین کی مالی معاونت سے سر حد رورل سپورٹ پروگرام (ایس آر ایس پی) کا تعمیر کردہ 50کلوواٹ مایکرو ہائیڈروپاؤر پراجیکٹ کی افتتاحی تقریب،، کرنل معین الدین نے افتتاحی تختی کی نقاب کشائی کی۔

Print Friendly, PDF & Email

چترال (نمائندہ چترال میل) اپر چترال کی وادی تریچ کے شاگروم گاؤں میں یورپین یونین کی مالی معاونت سے سر حد رورل سپورٹ پروگرام (ایس آر ایس پی) کا تعمیر کردہ 50کلوواٹ مایکرو ہائیڈروپاؤر پراجیکٹ کی افتتاحی تقریب میں بجلی کی فراہمی ممکن بناکر ان کی زندگی کو سہل تر بنانے اور معیاری زندگی بلند کرنے پر گاؤں کے باشندوں نے انتہائی مسرت کا اظہار کرتے ہوئے اسے تاریخی دن قرار دے دیا۔ چترال سکاوٹس کے کمانڈنٹ کرنل معین الدین نے ایک خصوصی تقریب میں افتتاحی تختی کی نقاب کشائی کرکے اور بجلی کا بٹن دباکر بلب روشن کرکے ہائیڈرو پاؤر اسٹیشن کا باقاعدہ افتتاح کیا۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ڈی پی ایم طارق احمد نے کہاکہ یورپین یونین کی مالی معاونت سے پیس پراجیکٹ کے تحت چترال میں بننے والی 25ہائیڈرو پراجیکٹوں میں شاگروم بھی شامل تھا جس پر تقریبا 92لاکھ روپے لاگت آئی جس سے 125گھرانے مستفید ہوں گے اور موسم سرما میں انتہائی سرد اس گاؤں میں اس بجلی کو کھانا پکانے اور گھروں کو گرم رکھنے میں بھی استعمال کیا جائے گا جس سے ان کو سوختنی لکڑی پر اٹھنے والے بھاری اخراجات سے نجات مل جائے گی اور یہ اضافی رقم معیار زندگی کو بہتر بنانے پر خرچ ہوگی۔ انہوں نے بجلی گھر کی تعمیر میں کمیونٹی کی کردار کی تعریف کی۔ چترال ٹاسک فورس کے کمانڈنٹ کرنل معین الدین نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہاکہ بنیادی سہولیات کی کمی کے باوجود اس دورافتادہ علاقے میں زندگی گزارنا مشکل ضرور ہے مگر اس علاقے کے لوگ باہمت، باصلاحیت اور دلیر ہیں اور وادی تریچ کا لغوی مغنی بھی “ہر دم تیار “اور “چست”ہیں اور یہی وجہ ہے کہ سہولیات کی کمی اور مسائل کے انبار کے باوجود یہاں خوش وخرم زندگی گزار رہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ ترقی کے لئے تین بڑی چیزیں اہمیت کے حامل ہیں جن میں رسائی کے لئے سڑک اور مستقبل کی تعمیر کے لئے تعلیم کی سہولیات موجود ہیں البتہ علاج معالجہ کے لئے کوئی سہولت نہیں ہے جس کے لئے انہوں نے شاگروم میں ڈسپنسری کے قیام کا اعلان کردیا۔ انہوں نے اہالیاں شاگروم کی طرف سے پیش کردہ سپاسنامہ کا جوا ب دیتے ہوئے مقامی پرائمری سکول میں دو اضافی کلاس رومز کی تعمیر، وائٹ بورڈ اور کمپیوٹر پرنٹر سمیت دیگر سازوسامان کی فراہمی کا بھی اعلان کیا اور علاقے کے جوانوں کو چترال سکاوٹس میں بھرتی کے لئے فوقیت دینے کا بھی اعلان کیا۔ اس سے قبل تریچ سے تحصیل کونسل کے ممبر علاء الدین عرفی، سوشل ورکر عبداللہ اور دوسروں نے خطاب کرکے اہالیاں شاگروم کی طرف سے چترال سکاوٹس اور ایس آر ایس پی کا شکریہ ادا کیا اور علاقے کے دیگر مسائل پر روشنی ڈالی۔ تقریب میں گاؤں کے مغززیں اور پراجیکٹ منیجرپاترپ فاونڈیشن انجینئر خادم اللہ پاک آرمی کے کرنل مرشد، چترال سکاوٹس کے ونگ کمانڈر کرنل آفتاب، موجود تھے۔