یوم آزادی کے حوالے سے یونیورسٹی آف چترال میں تقریب کا اہتمام کیاگیا۔

Print Friendly, PDF & Email

چترال (نمائندہ چترال میل) مملکت خدادِ پاکستان کی سترویں یوم آزادی کے حوالے سے جامعہ چترال میں ایک رنگا رنگ تقریب کا اہتمام کیا گیا جس میں چترال کے متعدد سرکاری ونِجی تعلیمی اداروں کے سربراہوں کے علاوہ بڑی تعداد میں معززین علاقہ نے شرکت کی۔ تقریب کا آغاز مہمان خصوصی معروف ایجوکیشنسٹ پروفیسر (ریٹائرڈ) ڈاکٹر عنایت اللہ فیضی کے ہاتھوں پرچم کشائی اور طلبہ اور طالبات کی طرف سے قومی ترانے سے کیاگیا۔ بعدازان ہال میں مختلف آئٹمز پیش کیے گئے۔ تقریب سے مہمان خصوصی کے علاوہ بریگیڈئیر (ریٹائیرڈ) خوش محمدخان،چترال کالج آف منیجمنٹ سائنس کے پرنسپل صاحب الدین اور صدر مجلس یونیورسٹی آف چترال کے پراجیکٹ ڈائیریکٹرپروفیسر ڈاکٹر بادشاہ منیر بخاری نے بھی خطاب کیا۔ مقررین نے یوم پاکستان کی اہمیت کو اجاگرکیا اورطلبہ پرزور دیا کہ ملک و قوم کی ترقی کے حوالے سے اپنی ذمہ داریاں پوری کرنے میں کوئی دقیقہ فروگذاشت نہ کریں اورتعلیم و تحقیق سے جامعہ چترال کی ترقی میں اپناکردارادا کریں تاکہ یہ جامعہ نہ صرف چترال بلکہ ملحقہ وسط ایشیائی ممالک کی علمی و معاشی ترقی مرکز بن جائے۔