اسفن یار بھنڈارا نے اپنے والد کی طرح کالاش کمیونٹی کی خدمت میں کوئی کوتاہی نہیں کی۔ اور شب روز اپنی بساط کے مطابق مسائل حل کرنے کی بھر پور کوشش کی۔ کالاش کمیونٹی

Print Friendly, PDF & Email

چترال (محکم الدین) چترال کی کالاش کمیونٹی نے اقلیتی رکن قومی اسمبلی اسفن یار بھنڈارا کا شکریہ ادا کیا ہے۔ جو اپنے انجہانی والد ایم پی بھنڈارا کے نقش قدم پر چل کر کالاش کمیونٹی کے مسائل حل کرنے میں انتہائی دلچسپی لے رہے ہیں۔ اور یہ اُن کے خاندان کی کالاش کمیونٹی کے ساتھ دلی محبت کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ ان خیالات کا اظہار کمیونٹی کے عمائدین نے اسفن یار بھنڈارا کی طرف سے نقد رقوم اور دیگر امدادی سامان کی تقسیم کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر اسفن یار بھنڈارا کے پولیٹکل سیکرٹری انیل اجمل اور کالاش مردو خواتین کی بہت بڑی تعداد موجود تھی۔ کمیونٹی کی نمایندگی کرتے ہوئے نوجوان کالاش رہنما وزیر زادہ نے کہا۔ کہ بھنڈارا خاندان سے کالاش کمیونٹی کا تعلق برسوں پر محیط ہے۔ اور اس تعلق نے باہمی احترام اور محبت کی لازوال رشتے کی شکل اختیار کر لی ہے۔انہوں نے کہا، کہ اسفن یار بھنڈارا نے اپنے والد کی طرح کالاش کمیونٹی کی خدمت میں کوئی کوتاہی نہیں کی۔ اور شب روز اپنی بساط کے مطابق مسائل حل کرنے کی بھر پور کوشش کی۔ یہی وجہ ہے کہ کالاش لوگوں کے دلوں میں اُن کیلئے احترام موجود ہے۔ انہوں نے کہا۔ کہ 150خواتین میں نقد مالی امداد کی تقسیم، ایک سو گھرانوں میں سلائی مشین اور پانچ سو افراد میں کمبل اور کوٹ وغیرہ کی تقسیم اُن کی طرف سے بہت بڑا تحفہ ہیں۔ جبکہ ان کی طرف سے کالاش ویلیز میں ایریگیشن چینلز، حفاظتی بند، سنٹیشن، واٹر سپلائی سکیم وغیرہ پر دو کروڑ ساٹھ لاکھ بھی خرچ کئے گئے ہیں۔ اسی طرح مزید ترقیاتی منصوبوں کیلئے کوششیں جارہی ہیں۔ وزیر زادہ نے اسفن یار بھنڈارا کی خدمات کی تعریف کی اور انیل اجمل کی خدمات کو بھی سراہا۔ جو بار بار اسفن یار بھنڈارا کی طرف سے مختلف امدادی اشیاء کالاش کمیونٹی میں تقسیم کرنے کیلئے دُشوار گزار راستوں سے کالاش وادیوں میں آتے ہیں۔