صوبے کے ایک ہزار تین سو سکولوں میں جدید آئی ٹی لیبز قائم کر دی گئی ہیں۔عاطف خان

Print Friendly, PDF & Email

پشاور (نما یندہ چترال میل)صوبائی وزیر تعلیم محمد عاطف خان نے کہا ہے کہ سرکاری سکولوں میں زیر تعلیم طلبہ وطالبات کو جدید فنی اور سائنسی تعلیم کی تربیت حکومت کی ترجیحات میں سر فہرست ہے اور اس مقصد کے صوبے کے ایک ہزار تین سو سکولوں میں جدید آئی ٹی لیبز قائم کر دی گئی ہیں جبکہ مزید سینکڑوں سکولوں میں آئی ٹی لیب ز کا قیام جاری ہے۔وہ گورنمنٹ ہائیر سیکنڈری سکول بغدادہ میں نو تعمیر شدہ آئی ٹی لیب کے افتتاح کے موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کررہے تھے۔اس موقع پر سکول کے پرنسپل مولانا عبدالحق اور محکمہ تعلیم مردان کے اے ڈی اوز خالد خان، عبدالحلیم اور دیگر متعلقہ حکام بھی موجود تھے۔ وزیر تعلیم نے کہا کہ سرکاری سکولوں میں بنیادی سہولیات کی فراہمی پر 21 ارب روپے خرچ کیے گئے ہیں جس سے ان سکولوں میں اضافی کمروں، لیٹرین، باؤنڈری وال اور دیگر ضروری سہولیات فراہم کی گئی ہیں جبکہ اتنی ہی رقم سرکاری سکولوں میں فرنیچر کی فراہمی پر بھی خرچ کی گئی ہے جس سے یقینی طور پر ان سکولوں میں زیر تعلیم بچوں اور بچیوں سمیت تدریسی عملے کے مسائل بھی کم ہوئے ہیں جبکہ این ٹی ایس کے ذریعے ان سکولوں میں 40ہزار اساتذہ خالص میرٹ کی بنیاد پر بھرتی کیے گئے ہیں اور سرکاری سکولوں پر حکومت کی اس توجہ کا ہی نتیجہ ہے کہ گزشتہ کچھ عرصے سے پرائیویٹ سکولوں سے ہزاروں بچے سرکاری سکولوں میں آچکے ہیں کیونکہ اب عوام جان چکے ہیں کہ سرکاری سکولوں میں تعلیم کا معیار پہلے سے بہتر ہوگیا ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ سابق حکمرانوں نے تعلیم جیسے مقدس شعبے کو بھی نہیں بخشا اور رشوت وسفارش پر نااہل لوگوں کو بھرتی کیا گیا جس سے تعلیم کے شعبے کا بیڑہ غرق کیا گیا جو غریب عوام کے ساتھ ظلم کی انتہا ہے۔محمد عاطف خان نے کہا کہ مردان میں گرلز کیڈٹ کالج میں جلد ہی کلاسوں کا اجرا ء ہورہاہے جس کے لیے تین ارب روپے کی خطیر رقم مختص کی گئی ہے جبکہ بخشالی روڈ پر فاطمہ الفہری گرلز ماڈل سکول پر بھی تیزی سے کام جاری ہے۔مردان میں خواتین یونیورسٹی میں کلاسز کا پہلے ہی اجراء ہوچکا ہے جبکہ انجنیئرنگ پشاور کے مردان کیمپس کو بھی مکمل یونیورسٹی کا درجہ دینے کی منظوری دیدی گئی ہے جس سے مردان میں تعلیمی انقلاب کی راہ ہموار ہوگئی اور اس کا سہرا پی ٹی آئی کی سوبائی حکومت کے سر ہے