حافظ آباد کے رہائشی مقامی زمیندار کے ظلم و ستم سے تنگ آکر چترال پہنچ گئے۔ مدد کی اپیل

Print Friendly, PDF & Email

چترال (محکم الدین) ظلم کے ستائے حافظ آباد پنجاب کے رہائشی زعیم عباس ا پنی فیملی کے ساتھ چترل پہنچنے کے بعد اپنی آہ زاری بیان کرتے ہوئے وزیر اعظم عمران خان، چیف جسٹس آف پاکستان اور وزیر اعلی پنجاب عثمان بزدار سے اپیل کی ہے۔ کہ اُن کے خاندان کے دیگر افراد کو مقامی چوھدری احسان الحق اور اُن کے رشتے دار ایس ایچ او کے ظلم سے نجات دلائی جائے۔جنہوں نے اُن کا جینا محال کر دیا ہے۔ چترال پریس کلب میں ٍاپنی بیوی بچوں کے ساتھ پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا۔ کہ وہ اسد اللہ پورڈاکخانہ ولی کی تارڑ ضلع حافظ آباد پنجاب کے رہائشی ہیں۔جو مقامی چوھدری احسان الحق کے ظلم و ستم سے تنگ آکراپنے بچوں کو لے کر چترال میں پناہ لے رکھی ہے۔ لیکن اُن کے والدین بھائی بہنوں اور بھاوج کوچوھدری مذکورنے یرغمال بنایا ہوا ہے اور اُن پر ظلم اور بربریت کے پہاڑ توڑ تے ہوئے غیر اسلامی اور غیر اخلاقی سلوک کی انتہا کردی ہے۔ جسے اُن کے رشتے دار ایس ایچ او کی پشت پناہی حاصل ہے۔ انہوں نے کہا۔ کہ چوھدری نے پہلے ہمارے دس مرلے کے موروثی پلاٹ پر قبضہ جمایا۔ اب دس مرلے کے دوسرے پلاٹ جس میں ہمارا گھر ہے۔ اُس پر قبضہ جمانے کیلئے اپنے غنڈوں کے ذریعے غیر اخلاقی حرکات کروا کر ہمیں وہاں سے نکلنے پر مجبور کر رہا ہے۔ جبکہ ہمارے والد کو انہوں نے اپنے ڈیرے پر محبوس کئے رکھا ہے۔ انہوں نے کہا۔ کہ چوھدری احسان الحق کو مقامی تھانے کے ایس ایچ او کی اشیر باد حاصل ہے۔ اور اُسی کے زور پر وہ یہ سارا ظلم و جبر کر رہا ہے۔ لیکن کوئی پوچھنے والا نہیں۔ انہوں نے کہا۔ کہ چوھدری مذکور چادر اور چار دیواری کا تقدس اور انسانیت و اخلاقیات سے دور ہمارے خاندان کی خواتین کے ساتھ ایسی حرکتیں کرتے ہیں۔ جس کا اظہار کرنا بھی زیب نہیں دیتا۔ جب کہ مردوں پر الگ ظلم ہے۔ انہوں نے انسانی حقوق کی تنظیموں، انصار برنی اور دیگر انسان دوست لوگوں سے اپیل کی ہے۔ کہ ان کے خاندان کی عزت بچانے اور اُن کو چوھدری احسان کے ظلم سے نجات دلانے میں اُن کی مدد کریں۔ اُنہوں نے چیف جسٹس سپریم کورٹ آف پاکستان سے انسانی ہمدردی کی بنیاد پر نوٹس لینے اور وزیر اعلی پنجاب عثمان بُزادر سے چوھدری احسان الحق اور پولیس ایس ایچ او کے خلاف ایکشن لینے کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے کہا۔ کہ اس حوالے سے میری مدد کیلئے موبائل نمبر 03468972198 – 03466268198 رابطہ کر سکتے ہیں۔