خودکشی کی حوصلہ شکنی اورعوام خاص کرنوجوان طبقے میں شعور وآگہی بیدار کرنے کی غرض سے انجمن ترقی کہوار حلقہ چترال کی طرف سے محفل مشاعرے کا اہتمام

Print Friendly, PDF & Email

چترال(نمائندہ چترال میل)ضلع چترال میں خودکشی کے بڑھتے ہوئے واقعات اور حالیہ دنوں میں پیش آنے والے چند ناخوشگوار واقعات کے پیش نظر اس غلط رجحان کی حوصلہ شکنی اورعوام خاص کرنوجوان طبقے میں شعور وآگہی بیدار کرنے کی غرض سے گذشتہ روز انجمن ترقی کہوار حلقہ چترال کی طرف سے ڈسٹرکٹ ٹاون حال چترال میں ایک محفل مشاعرے کا اہتمام کیا گیا۔جس میں ضلع بھر سے کثیر تعداد میں شعراء وادباء کرام نے شرکت کی۔اوراس حوالے سے اصلاحی کلام پیش کئے۔اس موقع پر نامور ماہر تعلیم شیر محمد دین مہمان خصوصی تھے جبکہ محفل کی صدارت معروف ماہرتعلیم صالح ولی آزاد نے کی۔جبکہ اسٹیج کے فرائض معروف شاعر اناونسر ایف ایم 93شیر اکبر صبا نے انجام دی۔اس محفل مشاعرے میں چترال کے مختلف مقامات سے آئے ہوئے شعراء کرام نے اصلاحی کلام پیش کئے جن میں معروف شاعر صالح ولی آزاد،شیربڑانگ گداز،وارث خان وارث،حاجی اکبر،ظفر اللہ ماہی،عنایت الرحمن عزیز،فدا محمد فدا،راشد الاعظم رشید،صلاح الدین لوٹھورو کے علاوہ انجمن ترقی کہوار حلقہ چترال کے صدر محمد نواز رفیع،سینئر نائب صدر حسن بصری حسن،فنانس سیکرٹری سعید الرحمن سیدی اور جنرل سیکرٹری اسماعیل الرحمن رحمانی نے بھی کلام پیش کئے اور حاضرین سے خوب داد وصول کئے۔شعراء کرام نے اپنی اشعار کے ذریعے معاشرے کے ناہمواریوں،غلط رحجانات اور عدم برداشت جیسے معاشرتی مسائل کے مختلف عوامل اور ان کے نتائج کے حوالے سے شعور وآگہی بیدار کرنے کی کوشش کی۔پروگرام کے آخر میں مہمان خصوصی شیر محمد دین،صدر محفل صالح ولی آزاد،صدر انجمن ترقی کہوار نے محفل مشاعرے کے حوالے سے اپنے تاثرات بیان کئے۔محفل سے خطاب کرتے ہوئے انجمن ترقی کہوار حلقہ چترال کے صدر محمد نواز رفیع نے حلقہ چترال کے پروگرامات اور آئیندہ کی حکمت عملی کے حوالے سے بات کی۔اور معاشرے کی اصلاح میں شعراء کرام کے مثبت کردار کو سراہا۔اُنہوں نے کہا کہ عنقریب ایک محفل مشاعرے کا اہتمام کیا جائے گا جس میں ضلع بھر سے شعراء کو دعوت دی جائیگی۔