اپنے پاؤں کھڑا کرنے اور غربت میں کمی لانے کے لئے” اخوت” لاکھوں نوجوانوں کو ابھی تک تیس ارب سے زیادہ بلا سود قرضے دے چکا ہے

Print Friendly, PDF & Email

چترال (محکم الدین) اپنے پاؤں کھڑا کرنے اور غربت میں کمی لانے کے لئے” اخوت” لاکھوں نوجوانوں کو ابھی تک تیس ارب سے زیادہ بلا سود قرضے دے چکا ہے۔ اور اس سے ہنر مند اور کاروباری ذہن کے حامل افراد کو ناقابل یقین حد تک فوائد ملے ہیں۔ اسی لئے چترال اور ایون کے مقام پر بھی نوجوانوں کو سپورٹ دینے کیلئے آفس کا قیام عمل میں لایا گیا ہے۔ اور یہ انتہائی خوشی کا مقام ہے۔ کہ ایون کے 70نوجوانوں کو 30,30ہزار روپے کے بلاسود قرضے دیے جا رہے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار منیجر “اخوت”نے گذشتہ روز مسجد کلان درخناندہ میں قرضوں کے چیک کی تقسیم کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ جس میں بڑی تعداد میں دیگر افراد بھی موجود تھے۔ انہوں نے کہا۔ کہ اخوت کاروباری افراد کی مد د کرتا ہے۔ اور اخوت سے قرضہ لینے کا طریقہ کار بھی انتہائی آسان ہے۔ تاہم قرض لینے والوں کیلئے یہ ضروری ہے۔ کہ وہ ریکوری کو یقینی بنائیں۔ تاکہ باہمی تعاون کے نتیجے میں دوسرے لوگوں کی بھی مدد کی جا سکے۔ انہوں نے کہا۔ اخوت کی ریکوری 99فیصد سے بھی زیادہ رہی ہے۔ اور اخوت بے جا انتظامی مصارف اور قرضوں کی تقسیم پر اُٹھنے والے اخراجات کا بوجھ غریب لوگوں پر نہیں ڈالتا۔ اور یہ بوجھ باہمی تعاون سے اُٹھایا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا۔ ایون کے 70افراد میں مجموعی طور پر 22لاکھ روپے کے بلاسود قرضے تقسیم کئے گئے ہیں۔ اور یہ سلسلہ آیندہ بھی جاری رہے گا۔ انہوں نے کہا۔ کہ اخوت غربت کے خاتمے کو کاروبار نہیں بلکہ اہم سماجی اور دینی فریضہ سمجھتا ہے۔ اور بھیک مانگنے اور خیرات کی بجائے تعاون اور اشتراک پر یقین رکھتا ہے۔ انہوں نے کہا۔ کہ کوئی بھی فرد یا گروپ مطلوبہ کوائف پورا کرکے 30سے50ہزار روپے قرضہ حاصل کر سکتا ہے۔ اس موقع پر قرض لینے والے افراد نے اخوت کے ذمہ داروں کا شکریہ ادا کیا۔