ایون گاؤں کو درپیش مسائل کو حل کرنے کی یقین دہانی کرائی۔ضلع ناظم مغفرت شاہ

Print Friendly, PDF & Email

چترال (نمائندہ چترال میل) ضلع ناظم چترال مغفرت شاہ نے کہا ہے کہ ڈسٹرکٹ گورنمنٹ اپنی محدود وسائل کے اندر رہتے ہوئے ضلعے کے طول وعرض میں عوام کودرپیش مسائل کو حل کرنے میں کوئی کسر نہیں چھوڑی اور تین سال قبل چترال کی تاریخ کے بدترین سیلاب اور اس کے بعد زلزلے کے نتیجے میں تباہ شدہ انفراسٹرکچر کی بحالی کا بھی کھٹن مرحلہ دریپش تھا لیکن اسے بھی بطریق احسن سرانجام دیا جس میں چترال کے عوام کی دعائیں اور نیک تمنائیں ساتھ تھیں۔ جمعرات کے روز ایون میں ویلج کونسل ٹو کی طرف سے اپنے اعزاز میں سپاس شکریہ کی ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ صوبائی حکومت کی طرف سے عدم تعاون کے باوجود ضلعی حکومت نے کسی کو وسائل کی کمی کا احساس ہونے نہیں دیا اور دستیاب وسائل کی منصفانہ اور دیانت دارانہ استعمال کا سلسلہ جاری رہے گا۔ انہوں نے ایون گاؤں کو درپیش مسائل کو حل کرنے کی یقین دہانی کرائی۔ اس سے قبل ویلج کونسل ٹو کے ناظم عبداالبصیر، ایون سے ضلع کونسل کے ممبر مولانا عمادالدین، سابق ممبر ضلع کونسل عبدالمجید اور دوسروں نے ضلع ناظم مغفرت شاہ کی خدمات کی تعریف کرتے ہوئے کہاکہ ایون کے عوام ان کے ممنوں و مشکور ہیں کیونکہ انہوں نے بہت ہی مشکل وقت میں ان کا بھر پور ساتھ دیا اور سیلاب اور زلزلے کے بعد ان کے بنیادی انفراسٹرکچر کی بحالی کے لئے ہنگامی طور پر وسائل فراہم کئے۔ انہوں نے ویلج کونسل ایون ٹو میں عوام کو درپیش مختلف مسائل بھی ذکر کیا۔ دریں اثنا ء جنگلاتی علاقوں کا ایک نمائندہ وفد جمعرات کے روز ضلع ناظم مغفرت شاہ سے ان کے دفترمیں ملاقات کی اور انہیں فارسٹ رائلٹی سے متعلق ضلعی انتظامیہ کی طرف سے وضع کردہ نئی طریقہ کار کے بارے میں اپنے تحفظات سے آگاہ کیا جس پر انہوں نے متعلقہ قانون اور فارسٹ ایکٹ کے عین مطابق مسئلے کا حل ڈھونڈنے کی یقین دہانی کی۔