متعلقہ حکام کو بلدیاتی نظام فعال بنانے اور منتخب نمائندوں کے جائز مسائل حل کرانے کی ہدایت۔وزیر بلدیات و دیہی عنایت اللہ

Print Friendly, PDF & Email

(چترال میل رپورٹ)خیبرپختونخوا کے سینئر وزیربلدیات ودیہی ترقی عنایت اللہ نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت مقامی حکومتوں کے اداروں کے استحکام کیلئے موثر اقدامات اٹھا رہی ہے تا کہ منتخب نمائندے فعال انداز میں اجتماعی نوعیت کے مسائل کے حل کیلئے اپنا بھر پور کردار ادا کر سکیں۔ وہ جمعرات کے روز پشاور میں صوبہ بھر کے منتخب ضلعی و تحصیل ناظمین کے علیحدہ علیحدہ اجلاسو ں کی صدارت کر رہے تھے۔ اس موقع پر سیکرٹری بلدیات سید جمال الدین شاہ قائمقام ڈی جی بلدیات شرافت ربانی، سیکرٹری لوکل کونسل بورڈ حضر حیات کے علاہ، ضلعی و تحصیل ناظمین و نائب ناظمین اور سابق ناظم ڈاکٹر اقبال حلیل نے شرکت کی۔ منتخب ناظمین نے صوبائی وزیر کو اجتماعی مسائل حاص طور پر اراکین کونسل کے اختیارات میں کمی، اغزازیہ اورفنڈز کی عدم فراہمی، دفاتر اور سٹاف کی کمی،ٹرانسپورٹ، ایندھن اور استعداد کار بڑھانے کیلئے تربیت اور بیرونی ممالک کے دوروں کیلئے مواقع فراہم کرنے کے بارے میں آگاہ کیا۔ سینئر صوبائی وزیر نے منتخب ناظمین کے مسائل غور سے سنے۔ انہوں نے متعلقہ حکام کو بلدیاتی نظام فعال بنانے اور منتخب نمائندوں کے جائز مسائل حل کرانے کی ہدایت کی۔ انہوں نے محکمہ بلدیات میں خالی پوسٹوں پر بھرتی کرانے کی احکامات جاری کرتے ہوئے کہا کہ اضلاع میں ایکسین اور تحصیل کی سظح پر ایس ڈی او کی تعیناتی کیلئے اقدامات کئے جائیں اور عارضی بنیادوں پر کام کرنے والے افراد کی بھی کم از کم 15000/- روپے اجرت ہونی چاہیئے۔ سینئر صوبائی وزیر بلدیات نے سی ڈی ایل ڈی پراجیکٹ کی دیگر اضلاع تک توسیع اور اس پر عمل در آمد کرنے کی بھی یقین دہانی کرا ئی۔ سینئر وزیر نے جن مقامی حکومتوں کی کارکردگی بہتر ہے انھیں فوری طور پر مزید فنڈ جاری کرنے کی بھی ہدایت کی۔سینئر وزیر نے بعض تحصیل میونسپل ایڈ منسٹریشن کی بہتر کارکردگی پر خوشی کا اظہار کیا۔ انہوں نے منتخب نمائندوں کو ہدایت کی کہ نئے بلدیاتی نظام کو مزید فعال بنانے میں اپنا بھر پور کردار ادا کریں تاکہ لوگوں کے مسائل ان کی دہلیز پر بر وقت حل ہو سکیں۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔