چترال (نمائندہ چترال میل)جماعت اسلامی چترال کے زیر اہتمام برما کے مظلوم مسلمانوں کے حق میں احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی امیرجماعت اسلامی خیبرپختونخوامشتاق احمدنے کہاکہ شاہی قلعہ چترال گواہی دے رہی ہے کہ انگریزوں کے خلاف چترال کے دلیرباسی آوازاُٹھاکراُن کویہاں سے بھگانے پرمجبورکیا۔انہوں نے کہاکہ چترال کے عوام کولے کرحکومت سے مطالبہ کرتے ہیں کہ حکومت برماکے سفیر کو ملک سے بے دخل کرے اور عالم اسلام برما میں روہنگیائی مسلمانو ں پر مظالم کے خلاف سیاسی سفارتی جہاد کرے۔انہوں نے مزید کہا کہ برما میں مسلمانوں پر ظلم وستم کے پہاڑ توڑے جارہے ہیں، اقوام متحدہ، اور مسلم ممالک سب خاموش ہیں، صرف پانچ دن میں اکیس سو گاوں شہریوں سمیت جلائے گئے ہیں، 2لاکھ لوگ بنگلہ دیش ہجرت پرمجبور ہوگئے ہیں، بے دردی سے لوگوں کو ذبح کیا جارہا ہے، ایسی ایسی ویڈیو اور تصاویر ہیں جنھیں دیکھنے کی ہمت نہیں۔انہوں نے کہاکہ انسانی حقوق کے عالمی ادارے اور عالمی برادری برما میں مظلوم اور نہتے مسلمانوں کی نسل کشی اور بدترین مظالم پر مجرمانہ خاموشی ترک کریں، حکومت پاکستان فوری طور پر برما کے سفیر کو طلب کرے اور با ضابطہ احتجاج کرتے ہوئے برما پر واضح کرے کہ اگر 10 دن کے اندر اندر مظالم کا سلسلہ بند نہ کیا تو برما سے سفارتی تعلقات ختم کردیے جائیں گے۔ اقوام متحدہ مشرقی تیمور کی طرح برما میں بھی رائے شماری کرائے اور برما کے اراکان کیلئے الگ ریاست کا قیام یقینی بنایا جائے انہونے کہاکہ جماعت اسلامی کا مطالبہ ہے کہ روہنگیا مسلمانوں کو آزادی کا حق دیا جائے اور وہاں مسلم ریاست کا اعلان کیا جائے۔ اقوام متحدہ اور عالمی ادارے قتل عام بند کرائیں۔ صدیوں سے یہ مسلمان ظلم و ستم کا شکار ہیں اور مسلمانوں کو بے دخل کیا جارہا ہے۔ اس وجہ سے مسلمان ہجرت کرنے پرمجبور ہیں۔ اس موقع پر امیرجماعت اسلامی چترال مولاناجمشید احمد،سابق ایم این اے مولاناعبدالاکبرچترالی،مولانااسرارالدین الہلال،مولاناجاویداحمد،عتیق الرحمن اوردیگرضلعی رہنمانے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ
پاکستان میں موجود برما کے سفیر کو بھی ملک بدر کرے۔چترالی قوم پوری دنیا کے مسلمانوں کے ساتھ ہر دکھ اور غم میں برابر کی شریک ہے، اقوام متحدہ اور انسانی حقوق کے لئے کام کرنے والے ادارے برما میں مسلمانوں کے ساتھ ظلم و بربریت کے خلاف اقدامات اٹھائیں۔ ایک مسلمان گروہ پر حملہ تمام مسلمانوں پر حملے کے برابر ہے لہذا تمام مسلمانوں کی ذمہ داری ہے کہ وہ نہتے روہنگیا مسلمانوں کے خون ناحق کے ذمہ داروں کو سختی سے روک لیں، انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی چترال کے قائدین اور کارکنان برما کے مسلمانوں کے ساتھ ہر دکھ اور غم میں برابر کے شریک ہیں۔