ماعت اسلامی لویر چترال کے امیر وجیہ الدین نے جماعت اسلامی کے پلیٹ فارم سے چترال میں سڑکوں کی خستہ حالی اور نیشنل ہائی وے اتھارٹی میں کرپشن کے خلاف ‘روڈ تحریک’شروع کرنے کا اعلان کردیا

Print Friendly, PDF & Email

 

چترال (نمائندہ چترال میل) جماعت اسلامی لویر چترال کے امیر وجیہ الدین نے جماعت اسلامی کے پلیٹ فارم سے چترال میں سڑکوں کی خستہ حالی اور نیشنل ہائی وے اتھارٹی میں کرپشن کے خلاف ‘روڈ تحریک’شروع کرنے کا اعلان کردیا جوکہ چارمختلف مرحلوں پرمشتمل اور بالاخر پہیہ جام ہڑتال پر منتج ہوگا جس میں ارندو سے لے کر بروغل تک کے عوام کو شامل کیا جائے گا۔ ہفتے کے روز جماعت اسلامی کی ضلعی دفترمیں صوبائی نائب امیر مغفرت شاہ اور دوسرے رہنماؤں مولانا جمشید احمد، مولانا رحمت اللہ، شجاع الحق بیگ،حسین احمد، عبدالحق، فضل ربی جان، ضیاء الدین اور دوسروں کی معیت میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ چترال کی پسماندگی کا واحد سبب یہاں پر سڑکوں کی خراب حالت ہے جس سے حکومت مکمل طور پر غافل ہے جس کے نتیجے میں روڈ پراجیکٹ میں کرپشن اپنی انتہا کو پہنچ چکی ہے اور اس صورت حال میں جماعت اسلامی خاموش تماشائی کا کردار اداکرنے کی بجائے میدان عمل میں نکل آنے اور مرحلہ وار تحریک چلانے کا فیصلہ کیا ہے۔ انہوں نے کہاکہ اس تحریک کے پہلے مرحلے میں اگلے جمعہ کے روز کاری گاؤں سے مستوج تک مختلف علاقو ں میں جلسے منعقد کئے جائیں گے جبکہ دوسرے مرحلے میں پہیہ جام ہڑتال کی کال دی جائے گی جس میں ڈرائیور ز یونین کی حمایت بھی حاصل ہے۔ انہوں نے کہاکہ تیسرے مرحلے میں چترال میں واقع این ایچ اے کے دفاتر کی تالہ بندی اور چوتھے مرحلے پر ارندو سے لے کر بروغل تک کے عوام کو لے کر پہیہ جام ہڑتال کریں گے جس کے بعد دمادم مست قلندر ہوگا۔ جماعت اسلامی کے رہنما نے کہاکہ چترال شندور روڈ وفاقی حکومت اور این ایچ اے کی نااہلی اور وہاں کرپشن کا بدترین مثال ہے جہاں تین دہائی پہلے بنی بنائی سڑک کو اکھاڑکر کھنڈر میں تبدیل کردیا گیا ہے۔ انہوں نے وزیر اعظم انسپکشن ٹیم کا دورہ چترال کو بھی ایک بے معنی کام سے تعبیر کرتے ہوئے کہاکہ ان کے آنے اور جانے کے بعدکوئی تبدیلی دیکھنے میں نہیں آئی اور نہ ہی کرپشن میں ملوث افسران کی سزا ہوئی۔انہوں نے کہاکہ پاکستان مسلم لیگ (ن)سمیت تمام سیاسی جماعتوں اور سول سوسائٹی تنظیموں کو تحریک میں شامل کرنے کی کوشش کریں گے۔
اس موقع پر چترال کے ٹی ایم اے میں بڑے پیمانے پر کرپشن پر بھی حکومت کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے ذمہ داروں کے خلاف کاروائی کا مطالبہ کیا گیا۔ ان کا کہنا تھاکہ یہاں پر بھی کوہستان کے ضلعے کی طرح بڑے پیمانے پر کرپشن ہوئی ہے۔ انہوں نے کہاکہ ٹی ایم اے چترال میں کرپشن کی حالیہ داستان سب کے سامنے ہے۔
اس موقع پر تریچ میر ڈرائیورز یونین کے صدر صابر احمد نے بھی خطاب کرتے ہوئے اپنی طرف سے ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا کہ وہ ڈرائیور برادری کے علاوہ عوام کی بھی نمائندگی کررہے ہیں اور ضلعے کے اندر ٹی ایم اے کی طرف سے اور لواری ٹنل کے مقام پر این ایچ اے کی طرف سے جائز ٹول ٹیکس کو مستردکردیا۔