پرائم منسٹر یوتھ لیپ ٹاپ اسکیم کے تحت یونیورسٹی آف چترال کے 114طلبہ میں مفت لیپ ٹاپ تقسیم

Print Friendly, PDF & Email

چترال (نمائندہ چترال میل) پرائم منسٹر یوتھ لیپ ٹاپ اسکیم کے تحت یونیورسٹی آف چترال کے طلبہ میں 114 لیپ ٹاپ تقسیم کئے گئے۔ یونیورسٹی کے مرکزی ہال میں منعقدہ اس تقریب میں معزز مہمانوں نے شرکت کی جن میں مہمان خصوصی ڈاکٹر میر بائض خان، پروفیسر ٹورنٹو یونیورسٹی، کینیڈا، اور مہمان خصوصی سلطان زیب، ڈپٹی ڈائریکٹر آڈٹ ہائر ایجوکیشن، اسلام آباد تھے۔ پروگرام میں یونیورسٹی آف چترال کے پراجکیٹ ڈاٸریکٹر انجینئر ضیاء اللہ اور عبدالوالی خان ایڈوکیٹ نے بطور اعزازی مہمان شرکت کی۔

پروگرام کی صدارت پرائم منسٹر لیپ ٹاپ سکیم کے فوکل پرسن اور یونیورسٹی آف چترال کے پرووسٹ پروفیسر ڈاکٹر تاج الدین شرر نے کی۔پروگرام میں پروفیسر ممتاز حسین، ریٹائرڈ پرنسپل گورنمنٹ ڈگری کالج چترال ، محمود غزنوی، ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر لوئر چترال، طفیل نواز، پرنسپل آغا خان ہائیر سیکنڈری سکول لوئر چترال، انجینئر خادم اللہ ایس آر ایس پی، ظہران شاہ، سابق جی ایم آغا خان ایجوکیشن سروس چترال جیسی قابل ذکر شخصیات نے شرکت کی۔اس تقریب میں طلباءوطالبات سمیت، انتظامی عملے اور فیکلٹی ممبران کی بڑی تعداد میں موجودتھے۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مہمان خصوصی ڈاکٹر میر بائض خان نے لیپ ٹاپ حاصل کرنے پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہاکہ ان لیپ ٹاپ سےنہ صرف جدید رجحانات کے مطابق آپ کے تعلیمی میدان میں انقلابی قدم ثابت ہوگا بلکہ آپ آج ہی سے اس کے ذریعے اپنے لئے آن لائن روزگار کے موقع بھی پیدا کریں۔ اس کا مثبت استعمال ہی آپکی تخلیقی اور تحقیقی صلاحیت کو بڑھاتا ہے، نصابی سرگرمیوں کے لیے لیپ ٹاپ ایک بہترین ڈیوائس ہے۔۔ یونیورسٹی آف چترال کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ظاہر شاہ نے پرائم منسٹر لیپ ٹاپ ا سکیم کے ذریعے یونیورسٹی آف چترال کو لیپ ٹاپ کی فراہمی میں سہولت فراہم کرنے پر ایچ ای سی کی ٹیم کا شکریہ ادا کیا۔اورکہاکہ لیپ ٹاپ کے استعمال سے قابل نوجوانوں کو نوکریوں کے حصول، طبقاتی تقسیم کے خاتمے اور متعدد تعلیمی، سماجی اور تکنیکی مسائل کے حل کے مواقع میسر آئیں گے

اور ساتھ ہی طلبہ کو تعلیمی اور پیشہ ورانہ ترقی کے لیے ضروری آلات کے ساتھ بااختیار بنانے کی طرف ایک اہم قدم قرار دیا، جو خطے میں تکنیکی ترقی اور تعلیمی فضیلت کو فروغ دینے کے وسیع تر وژن کے ساتھ ہم آہنگ ہے۔یہ بات بھی قابل ذکر ہے کہ دوسرے مرحلے میں یونیورسٹی آف چترال کے طلبہ میں پرائم منسٹر یوتھ اسکیم کے تحت مزید لیپ ٹاپ تقسیم کیے جائیں گے