اپر چترال کے دور افتادہ علاقہ اویر ویلی میں کھلی کچہری کا انعقاد

Print Friendly, PDF & Email

چترال اپر (نمائندہ چترال میل) ڈپٹی کمشنر اپر چترال محمد عرفان الدین نے دور افتادہ علاقے اویر ویلی میں کھلی کچہری کا انعقاد کیاجس میں ضلعی انتظامیہ کے افسران کے علاوہ لائن ڈیپارٹمنٹس کے افسران و نمائندوں،عمائدین علاقہ اور عوام نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔کھلی کچہری میں عمائدین نے علاقے کے لوگوں کو درپیش مسائل اویر روڈ کی کشادگی میں تاخیر، اویر گرین گودام کی مرمت اور گندم کی فراہمی،اویر ویلی میں قائم صحت سہولیات میں طبعی عملے کی موجودگی سمیت ادویات کی فراہمی،سرکاری سکولوں میں ٹیچنگ سٹاف کی کمی،کرایوں اور مصنوعی مہنگائی کی روک تھام کے لئے اقدامات اورسیلاب اور دیگرقدرتی آفات کی وجہ سے متاثرہ ایریگیشن چینلز اور واٹر سپلائی اسکیمز کی بحالی کے بارے میں ڈپٹی کمشنر کو آگاہ کیا۔ڈپٹی کمشنر نے متعلقہ محکموں کے سربراہان کو ہدایت کی کہ وہ اپنے اپنے اداروں سے متعلق مسائل فوری طور پر حل کریں۔ ڈپٹی کمشنر نے بعض مسائل موقع پر حل کرنے کے احکامات صادر کئے۔ ڈپٹی کمشنر نے لوگوں کو یقین دلایا کہ ہسپتالوں میں عملے کی حاضری سمیت ادویات کی فراہمی کے لئے کوشش کی جائے گی۔ انہوں نے سکولوں میں تدریسی عملے کی دستیابی سمیت دیگر تمام مسائل کے حل کے لئے محکمہ تعلیم کے سربراہان سے رپورٹ طلب کی۔ انہوں نے یقین دلایا کہ اویر روڈ کی کشادگی میں حائل رکاوٹوں کو دور کیا جائے گا۔ انہوں نے محکمہ پبلک ہیلتھ کے افسر کو متاثرہ واٹر سپلائی لائنز کی بحالی کے لئے اقدامات اٹھانے کی ہدایت کی۔جبکہ محکمہ خوراک کو گودام کی جلد از جلد مرمت کے ساتھ علاقے کے لئے گندم کی فراہمی اور ذخیرہ کو یقینی بنانے کی ہدایت کی۔انہوں نے ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر موڑکہو کو روزانہ کی بنیاد پرگاڑیوں کی چیکنگ، کرایہ ناموں سے متعلق پوچھ گچھ اور نرخناموں پر عملدرآمد کو یقینی بنانے کی بھی ہدایت کی۔ عمائدین علاقہ اور منتخب نمائندگان نے ڈپٹی کمشنر اپر چترال کو اویر جیسا دور افتادہ علاقے میں عوامی دربار کے انعقاد پر شکریہ ادا کیا۔