دادبیداد۔۔۔ڈاکٹر عنایت اللہ فیضی۔۔۔استاذا لاساتذہ سید غفار مرحوم

Print Friendly, PDF & Email

دادبیداد۔۔۔ڈاکٹر عنایت اللہ فیضی۔۔۔استاذا لاساتذہ سید غفار مرحوم
چھوٹوں پر شفقت،بڑوں کی عزت،سلام میں سبقت،لبوں پر مسکراہٹ جیسی اسلامی صفات کو آج کل کے پُرآشوب دور میں اگرمجسم صورت میں یکجا دیکھنا ہوتاتوہم استاد الاساتذہ سید غفار مرحوم کی طرف دیکھا کرتے تھے۔آپ سراپا انکسار اور سراپا تواضح والی شخصیت کے مالک تھے۔خیبر پختونخواکے محکمہ تعلیم میں ہزاروں طلبا کو پڑھایاآپ کے شاگردوں نے استاد ہونے کا شرف پایا کئی شاگرد ملک کے اندر بڑے عہدوں پرفائز ہوئے آپ کے عجزوانکسار میں کمی نہیں آئی آپ سابق ریاست چترال کے مرکزی گاؤں سنگور کے رہنے والے تھے اباو اجداد نے وادی اویر سے نقل مکانی کرکے یہاں رہائش اختیار کی1937ء میں آپ نے ایک دیندار گھرانے میں شیرولی خان کے ہاں آنکھ کھولی سٹیٹ ہائی سکول چترال سے تعلیم حاصل کرنے کے بعد پیشہ تدریس سے وابستہ ہوئے،دوران ملازمت ہری پور جاکر سینئر ورنیکلرٹیچر کی تربیت حاصل کی فارسی،اردو،مطالعہ قدرت اور معاشرتی علوم پڑھاتے تھے1965سے1970تک 5سال ان کے سامنے زانوئے تلمذتہہ کرنے کازرین موقع ملا آپ نصابی کتاب کے سبق سے بڑھ کراداب زندگی پڑھاتے تھے آج کل ہنر ہائے زندگی،لائف سکلز کابڑا چرچا ہے۔ان کاکمال یہ تھا کہ اداب زندگی ایٹی کیٹس آف لائف کے ساتھ نام لئے بغیر ہنرہائے زندگی پڑھاتے تھے کتاب کھول کر جوکچھ پڑھاتے اُس سے زیادہ لطف ان کی اُن باتوں کا آتا تھا جوکتاب بندکرکے بتایا کرتے تھے فارسی کتاب کے پہلے سبق کے اختتام پرانہوں نے کتاب بند کرکے شیخ سعدیؒ کی ایک حکایت بیان کرتے ہوئے کہا شیخ سعدیؒ کہتے ہیں میں نے ایک دن حمام میں دیکھا کہ کیچڑ سے خوشبو آرہی ہے میں نے پوچھا یہ خوشبو تم نے کہاں سے حاصل کی ہے کیچڑ نے کہا میں ناکارہ ساایک گارا تھا پھول کی صحبت نصیب ہوئی تو خوشبو میری ہم سفربنی۔ حکایت سنانے کے بعد استاد محترم نے کہا صحبت کااثر ہوتا ہے اچھے لوگوں کی صحبت میں بیٹھو گے تونیک بنوگے نیکنامی کماؤگے بُرے لوگوں کی صحبت میں بیٹھوگے توبُرے لوگوں میں تمہارا شمار ہوگا بدنامی گلے پڑجائیگی میں نے ان کی وفات پریہ بات ان کے ہم مکتب پروفیسر اسرار الدین کو بتائی توانہوں نے کہا ہم گاوں سے ملکر 2کلومیٹر دور اپنے سکول جایا کرتے تھے سفر پیدل ہوتا تھا پانچویں چھٹی جماعت سے ان کا معمول تھا کہ راہ چلتے ادھر اُدھر کی باتوں سے ہٹ کرہمیں حدیث پاک سنایا کرتے تھے چہل احادیث ان کو زبانی یادتھے رفتہ رفتہ مطالعہ کرکے روز کوئی حدیث سناتے اور یوں ہمارا یہ سفر حدیث شریف سنتے سناتے کٹ جاتا ان کے ایک ہونہار شاگرد کرنل سردار محمد خان نے بتایا کہ ہمارے بعض ساتھی خوش الحان تھے بعض بہت خوش خط تھے ان کو نصیحت کیاکرتے تھے کہ نظر بد سے بچتے رہو پھر نظر بد کے موضوع پر بزرگان دین کے اقوال سنایا کرتے تھے ہم نے ان سے جوکچھ سیکھا وہ زندگی میں قدم قدم پرہمارے کام آیا ان کے ایک شاگرد نے مئی1965کاواقعہ سنایا چھٹی جماعت کے کمرے میں انگریزی کا استاد ابھی نہیں آیا تھا لڑکے شور مچارہے تھے سید غفا رصاحب اچانک کمرے میں داخل ہوئے شورتھم گیا توپوچھا کون شورکررہاتھا؟دوتیز طرار لڑکوں نے ایک عاجز اور مسکین لڑکے کانام لیا استاد محترم نے کہا یہ عاجز ومسکین لڑکا بڑا آدمی بنے گا تم دونوں جیتے جی مرجاؤگے تمہارا سراغ بھی نہیں ملے گا راوی کہتا ہے کہ استاد محترم کی پیش گوئی حرف بحرف درست ثابت ہوئی سٹیٹ ہائی سکول چترال کا وہ زمانہ سنہرا زمانہ تھا غلام عمر سکول کے پرنسپل تھے وزیرتعلیم ریاست چترال محمد جناب شاہ سال میں دوبار سکول کا معائینہ کرتے تھے استاد شوکت علی،استاد حضرت اللہ،استاد میرفیاض،استاد حکیم خان،مولانا محمد مجید،مولانا صاحب الزمان،مولانا محمد یوسف،استاد نورعلی شاہ،استاد عمرحیات،استاد سکندر حیات،استاحسین اللہ،استاد میرگلاب شاہ،استاد عبدالباری،استاد محمد زمان،استاد رحمت ولی اور دیگر اساتذہ کے دم قدم سے سکول میں رونق تھی سکول کی لائبریری سے ہم کتابیں لیا کرتے تھے استاد سید غفاز ہمیں دوباتوں کی تاکید کرتے تھے وہ کہا کرتے تھے کہ میں جوکچھ پڑھاتاہوں یہ مکمل کتا ب نہیں بلکہ کتابوں کی طرف اشارہ ہے اگر میں نے شیخ سعدیؒکاسبق پڑھایا توتم مصنف کی پوری کتاب ڈھونڈ نکالو اور پڑھو اگر میں نے غالب،حالی،سرسید اور قبال کاسبق پڑھایا توتم ان کی پوری کتابیں پڑھ کراپنے علم میں اضافہ کرو۔دوسری بات یہ تھی کہ وہ بولنے اور لکھنے کی مہارتوں پرزور دیاکرتے تھے وہ ہمیں بتاتے تھے کہ سرٹیفیکیٹ اور ڈگری گھر میں پڑی ہوتی ہے تمہاری قابلیت کااندازہ بولنے اور لکھنے سے ہوتا ہے1997ء میں ریٹائرمنٹ کے بعد انہوں نے فریضہ حج ادا کیا اپنی زمین مسجد کے لئے وقف کرکے اولاد کوبتایا کہ دنیا فانی ہے کفن میں جیب نہیں ہوتی قبر میں لاکر نہیں ہوتا،وفات کے سال سے14سال پہلے 2009میں ایک مختصر رقعہ لکھ کرصندوق میں رکھا رقعے کی عبارت یہ ہے”اس میں جوکچھ کپڑے رکھے ہوئے ہیں یہ سارے آخری سفر کے لباس کے لئے محفوظ ہیں نیچے دستخط کے ساتھ10اکتوبر 2009کی تاریخ دی گئی ہے یکم آگست2023کے دن آخری سفر کا وقت آیا تواُجلے لباس اور اُجلے دل کے ساتھ اپنے رب کے حضور حاضر ہوئے اللہ پاک آپ کی روح پرفتوح کواگلے جہاں کی دائمی نعمتوں سے اسودگی بخشے(آمین)۔