چترال کی حسیں اور وسیع و عریض وادی میں منشیات فروشوں کے لئے ایک انچ جگہ بھی دستیاب نہیں ہوگی۔سجاد خان ریجنل پولیس آفیسر ملاکنڈ

Print Friendly, PDF & Email

چترال (نما یندہ چترال میل) ریجنل پولیس آفیسر ملاکنڈ سجاد خان نے کہا ہے کہ چترال امن وامان کا گہوارا اور حسین و دلکش نظاروں سے مزین ہونے کی وجہ سے سیاحت کے گڑھ بننے کی پوٹینشل رکھتا ہے اور چترال پولیس اسے عملی جامہ پہنانے میں کردار ادا کرنے کے لئے تیار ہے اور لواری ٹنل کے چترال پورٹل میں ٹورسٹ فیسیلی ٹیشن سنٹر اس کی ایک کڑی ہے۔ جمعہ کے روز مقامی ٹاؤن ہال میں عوامی جرگہ سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ چترال کے عوام نہایت شریف اور و فاء کے پابند ہیں اور جرائم کی شرحِ نہ ہونے کے برابر ہے اور پولیس کی یہ پوری کوشش ہوگی کہ عوام کی سپورٹ سے اس آئیڈیل حالت کو برقرار رکھا جائے اور کسی قسم کی شرپسندی کو یہاں پنپنے کا موقع ہی نہ مل جائے۔ انہوں نے کہا کہ مٹھی بھر عناصر چترال کی اس حسیں سر زمین کو منشیات کی گندگی سے آلودہ کرنے کی مذموم کوشش میں مصروف ہیں جس کے لئے چترال کے غیور عوام کی مدد سے ان کا قلعہ قمع کیاجائے گا تاکہ یہاں کی نئی نسل اپنے باپ دادا کی عظیم روایات کو آگے لے جاسکیں۔ آر پی او ملاکنڈ نے منشیات فروشوں کو سخت ترین الفاظ میں تنبیہہ کرتے ہوئے دو ٹوک انداز میں اعلان کیا کہ چترال کی حسیں اور وسیع و عریض وادی میں ان کے لئے ایک انچ جگہ بھی دستیاب نہیں ہوگی اور ان کے ساتھبت رحمی سے نمٹا جائے گا۔ انہوں نے پولیس اور عوام کے درمیان حائل فاصلے کو ممکنہ طور پر کم ترین سطح پر لانے کے عزم کا اظہار کیا۔انہوں نے ہزاروں سال پرانی کالاش تہذیب کو برقرار رکھنے کا کریڈٹ چترال کے عوام کو دیتے ہوئے کہا کہ کالاش کلچر ٹورزم کی ترقی کے لئے ناگزیر ہے۔ اس موقع پر سابق ضلع ناظم مغفرت شاہ، مولانا جمشید، ڈآکٹر ریاض، حاجی عیدالحسین، فرید خان ایڈووکیٹ اور دوسروں نے خیالات کا اظہار کیا اور تجاویز پیش کی اس سے قبل انہوں نے پولیس دربار سے بھی خطاب کیا اور پولیس افسران اور جوانوں کو ضروری ہدایات دی اور ان کے مسائل سے آگہی حاصل کی۔ ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر ناصر محمود بھی اس موقع پر موجود تھے۔