موسم سرما کی آمد اور نئے سال کی خوشیاں منانے کی مناسبت سے وادی کیلاش میں منعقد ہونے والے مذہبی چاؤموس فیسٹیول اپنی تمام تر رنگینیوں اور روایتی رقص کیساتھ اختتام پذیر ہوگیا۔

Print Friendly, PDF & Email

چترال (نما یندہ چترال میل) موسم سرما کی آمد اور نئے سال کی خوشیاں منانے کی مناسبت سے وادی کیلاش میں منعقد ہونے والے مذہبی چاؤموس فیسٹیول اپنی تمام تر رنگینیوں اور روایتی رقص کیساتھ اختتام پذیر ہوگیا۔7دسمبر سے شروع ہونے والے چاؤموس فیسٹیول میں کیلاش کے تین وادیوں رمبور، بمبوریت اور بریر کے رہائشیوں نے مختلف تہوار اور رسومات ادا کیں۔ آخری روز لویک بیک کا تہوار ہوا جس میں کیلاشی قبیلے کے مرد،خواتین، بزرگوں اور بچوں نے نئے کپڑے پہن کر مل کر رقص کیا اور نئے سال کی خوشیاں منائی۔ فیسٹیول میں خیبرپختونخوا کلچراینڈٹورازم اتھارٹی کی جانب سے وادی کے مختلف مقامات اور خصوصاً روایتی رقص والے مقام پر چراغاں کیا گیا تھا۔ اس کیساتھ ساتھ سیاحوں کی سہولیات کیلئے ٹورسٹ سہولت سنٹر دیرلوئر اور چترال سے بھی ملکی و غیر ملکی سیاحوں کو سہولیات کی فراہمی کا سلسلہ جاری رہا۔ فیسٹیول میں محکمہ سیاحت خیبرپختونخوا کے ورلڈ بینک کے تعاون سے جاری کائیٹ پراجیکٹ کے تحت بمبوریت میں ریسکیو 1122 سٹیشن کا بھی قیام عمل میں لایا گیا جہاں سے سیاحوں سمیت آبادی کو کسی بھی قسم کی ایمرجنسی سہولیات کی فراہمی کا سلسلہ جاری ہے۔چوموس فیسٹیول میں شیشاؤ، بون فائر،ساوی لیک ہار، چوئی ناری، منڈاہیک اور شارا بیرایک سمیت مختلف رسومات ادا کی گئیں۔ تاہم ساتھ ہی آپس میں پیار و محبت بانٹنے، امن کا پیغام دینے اور اتحاد کیلئے آپس میں پھل، سبزیاں اور خشک میوجات بھی تقسیم کئے گئے۔اختتامی تقریب کے موقع پرریجنل پولیس آفیسر سجاد خان اور ڈپٹی کمشنر چترال لوئر انوارالحق مہمانانگ خصوصی تھے۔فیسٹیول کے آخری روز لڑکے لڑکیوں، بچے بڑے سب نئے کپڑے پہن کر ایک دوسرے کیلئے گانے گنگناتے ہیں اور اس دوران میاں بیوی اور دیگر نوجوان ایک دوسرے کیساتھ رقص کرتے ہیں۔اس تہوار میں لڑکے لڑکیوں کیلئے جبکہ لڑکیاں نوجوان لڑکوں کیلئے پیار و محبت کے گانے گاتی ہیں۔ یہ تہوار موسم سرما کیلئے خوشی اور امن کی علامت کے طور پر منایا جاتا ہے،کیلاش قبیلے کے تاریخی اور ثقافتی چاؤموس تہوار میں بون فائر کا تہوار بھی منایا گیا۔جس میں بچے اور بچیاں مقدس مقام پر جمع ہوکر پائن درختوں کی شاخیں اور لکڑیاں جمع کرتے ہیں جس کے بعد ان کے مابین بلند دھواں کرنے کے مقابلے ہوئے۔ اس مقابلے کا مقصد آنے والے موسم سرما کیلئے امن، خوشحالی، معدنیات، اچھی گھاس اور لوگوں کے درمیان اتحاد و محبت سمیت دیگر اچھی چیزوں کا پیغام دینا ہے۔ یہ بچے اور بچیاں اپنے ہاتھوں میں چھوٹی چھوٹی پتیاں اٹھائے گانا گاتے اور مختلف رسمیں کرتے ہیں۔فیسٹیول میں خیبرپختونخوا کلچراینڈٹورازم اتھارتی کی جانب سے گلیوں، چراہوں، کمیونٹی ہال سمیت مختلف مذہبی اور دیگر مقامات پر لائٹس بھی لگائی گئی تھی۔