چترال (نما یندہ چترال میل) چترال سے قومی اسمبلی کے رکن مولانا عبدالاکبر چترالی نے کہا ہے کہ وفاقی وزیر مواصلات مراد سعید نے ملاکنڈڈویژن سے تعلق رکھنے والے اراکین قومی اسمبلی سے مشاورت کے بعد درگئی سے چترال تک سڑک کی دوبارہ بلیک ٹاپنگ کے منصوبے کو حتمی شکل دے دی ہے جس پر دو ماہ کے اندر اندر کام شروع ہوگا جوکہ چکدرہ چترال ایکسپریس وے کی تعمیر تک سہولت کا باعث ہوگا۔ ہفتے کے روز چترال پریس کلب میں جماعت اسلامی کے رہنماؤں امیر ضلع مولانا رحمت اللہ اخونزادہ، ضلعی سیکرٹری وجیہہ الدین، اسسٹنٹ سیکرٹری عبدالحق، سابق سیکرٹری فضل ربی جان اور دوسرے رہنماؤں قاری رحیم الدین اور مولانا فضل اکبر کی معیت میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ اس وقت وفاقی حکومت کا چکدرہ سے چترال تک سڑک کی خستہ حالی کو دور کرنے کے لئے دوبارہ بلیک ٹاپنگ کا منصوبہ قابل ستائش ہے جسے جلد پایہ تکمیل تک پہنچایا جائے۔ انہوں نے کہاکہ لواری ٹنل پراجیکٹ کے چترال سائیڈ پر اپروچ روڈ میں کام دوبارہ شروع کرنے اور ٹنل کے اندر الیکٹریفیکیشن سمیت بقیہ کاموں کے لئے نظرثانی شدہ تخمینہ 46ارب روپے کی منظوری کے لئے انہوں نے وفاقی وزیر اسد عمر سے ملاقات کرکے انہیں مطلوبہ فنڈ کی فراہمی پر قائل کرلیا ہے جس سے یہ عظیم منصوبہ مکمل ہوگا۔ انہوں نے اپر چترال میں بونی بزند روڈ کی تعمیر پر کام کے بارے میں کہاہے یہ دراصل ایم ایم اے حکومت کا شروع کردہ منصوبہ تھا جس پر کام اب بھی جاری ہے اور وہ اس پر کام کو معیار اور مطلوبہ رفتارکے مطابق بنانے کے لئے روزانہ کی بنیاد پر پراگریس رپورٹ لے رہے ہیں تاکہ تورکھواور تریچ یوسی کے عوام کو درپیش مشکلات ختم ہوسکیں جوکہ قیام پاکستان سے معیاری سڑک سے محروم چلے آرہے تھے۔ گرم چشمہ روڈ کے بارے میں مولانا چترالی کا کہنا تھاکہ اس پر 8ارب روپے کی منظوری ہوئی تھی لیکن اس سال اس منصوبے کو پی ایس ڈی پی سے نکال دیا گیا تھا جس پر مواصلات کی قائمہ کمیٹی کے رکن کی حیثیت سے وہ اسے دوبارہ اس میں نہ صرف شامل کیا بلکہ ایک ارب روپے کی ایلوکیشن بھی کروادی ہے۔ انہوں نے کالاش ویلیز روڈ کے منصوبے کے لئے زمین کی خریداری کی مد میں 2ارب روپے میں صرف 5کروڑ روپے کی ایلوکیشن پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا سے پرزور مطالبہ کیا ہے کہ اس سال کے لئے پور ا دو ارب وپے کی ایلوکیشن کرکے زمین کی خریداری کو یقینی بنائے تاکہ اس کی تعمیر پر کام شروع ہوسکے۔شندور روڈ کی تعمیر کے بارے میں انہوں نے کہاکہ 39فٹ چوڑا اس اہم سڑک کی تعمیر کا ٹھیکہ دے دیا گیا ہے جس پر کام کا آعاز بہت جلد کردیا جائے گا۔ ایم این اے چترالی نے کہاکہ وہ وزیر اعظم عمران خان کی گرین پاکستان کی وژن سے مکمل اتفاق کرتے ہوئے ٹین بلین ٹری سونامی کی کامیابی میں اپنا کردار ادا کرنے کی یقین دہانی کررہے ہیں لیکن چترال میں پارٹی کا ایک اہم لیڈر خود سبز جنگلات کی کٹائی میں ملوث ہے جسے اسی ہفتے عدالت سے اس بنا پر سز ا بھی سناتے ہوئے 68لاکھ روپے جرمانے کی سزا بھی سنادی ہے۔ انہوں نے کہاکہ نیب کے ذریعے پی ٹی آئی لیڈر کے ہاتھوں اس بے دریغ کٹائی کی مزید تحقیقات کرائی جائے۔ مولانا چترالی نے کہاکہ جنگل کی کٹائی میں ملوث یہ لیڈر اب اپنی جرم پرسے توجہ دوسری طرف مرکوز کرنے کے لئے جعلی شمولیتی پروگراموں کا ڈرامہ رچارہا ہے جس میں وہ اپنے ہی پارٹی کے کارکنوں کو ٹوپی پہنانے کا ٹوپی ڈرامہ کررہے ہیں۔ مولانا چترالی نے وزیر اعلیٰ سے مطالبہ کیاکہ ڈی ایف او چترال کو فوری طور پر چترال سے ٹرانسفر کیا جائے جسے سزا کے طور پر یہاں تبدیل کیا گیا ہے۔
تازہ ترین
- ہومگزشتہ 77سالوں سے کرپٹ اشرافیہ، سیاستدانوں، فوجی جرنلوں اور افسرشاہی کی گٹھ جوڑ کو توڑنے اور ملک کو ان کے چنگل سے آزاد کرنے کا وقت آگیا ہے ۔ حافظ نعیم الرحمن امیر جماعت اسلامی کا چترا ل پولو گراؤنڈ میں جلسہ عام سے خطاب
- ہوملوئر چترال پولیس کے جوان ہیڈ کانسٹبل سرورالدین کا نمازہ جنازہ چمرکھن میں ادا کی گئی۔
- ہومچترال کالج آف کامرس اینڈ منیجمنٹ سائنسز میں پراکٹوریل بورڈ اور کیریکٹر بلڈنگ سوسائٹی کی تقریب حلف برداری ۔ ڈی جی عمر علی خان مہمان خصوصی
- ہومدیسی شراب برآمد، ملزمان گرفتار، مزید تفتیش جاری۔ چترال پولیس کی کامیاب کاروائی
- مضامیندھڑکنوں کی زبان۔۔۔۔محمد جاوید حیات۔۔۔”لوگ نالے کو رسا باندھتے ہیں “
- ہومپاکستان سمیت دنیا بھر میں امراضِ قلب انسانی اموات کی بڑی وجہ قرار
- ٹیکنالوجیچینی سائنس دانوں نے روبوٹ میں انسانی خلیوں سے بنا زندہ دماغ لگا دیا
- ہومڈی۔پی۔او آفس بلچ لوئر چترال میں ہفتہ وار اردلی روم کا انعقاد۔
- ہومتبلیغی اجتماع کے دوران لوئر چترال پولیس کی جانب سے سکیورٹی کے فل پروف انتظامات کئے جائیں گے۔ چترال پولیس
- ہوماب تک 3،529،487 افراد کے مفت علاج پر 88 ارب روپے خرچ ہوچکے ہیں، صحت کارڈ کے تحت مفت علاج پر ماہانہ ڈھائی ارب جبکہ سالانہ 30 ارب کے اخراجات پختونخواہ حکومت برداشت کررہی ہے