شیخوپورہ میں ٹرین اور کوسٹر حادثے میں مرنے والے پشاور کے سکھ یاتریوں کے اہل خانہ کے لیے صوبائی حکومت کی جانب سے 1 کروڑ روپے کی مالی معاونت کا اعلان۔ معاون خصوصی اقلیتی امور وزیر زادہ

Print Friendly, PDF & Email

پشاور (نمائندہ چترال میل)وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے معاون خصوصی برائے اقلیتی امور وزیر زادہ نے شیخوپورہ میں ٹرین اور کوسٹر حادثے میں مرنے والے پشاور کے سکھ یاتریوں کے اہل خانہ کے لیے صوبائی حکومت کی جانب سے 1 کروڑ روپے کی مالی معاونت کا اعلان کیا ہے۔ یہ اعلان انہوں نے محلہ جوگن شاہ میں واقع گوردوارہ میں سکھ برادری سے تعزیت کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ وزیر زادہ نے کہا کہ حادثے میں مرنے والوں کے اہل خانہ کو فی خاندان 5 لاکھ روپے دیئے جائیں گے جبکہ حادثے میں جاں بحق ہونے والے ڈرائیور اور کنڈکٹر کے لواحقین کو بھی مجموعی طور پر 10 لاکھ روپے دیئے جائیں گے۔وزیر زادہ نے سکھ برادری سے تعزیت کرتے ہوئے کہا کہ حادثے میں مرنے والے سکھ یاتریوں کے خاندانوں کے غم میں وہ برابر کے شریک ہیں اورقیمتی جانوں کے ضیاع پر بہت دکھ ہوا ہے۔ وزیر زادہ کا کہنا تھا کہ اس افسوسناک واقعے پر انسانیت دکھی ہے۔ دکھ کی اس گھڑی میں پوری صوبائی حکومت غمزدہ خاندانوں کے ساتھ ہے۔ انکا کہنا تھا کہ وزیر ریلوے نے واقعے کی تحقیقات کا اعلان کیا ہے,جس سے واقعے کے ذمہ داروں کا تعین ہو گا تاکہ مستقبل میں ایسے حادثات سے بچا جاسکے۔دریں اثناء، معاون خصوصی وزیر زادہ نے مسیحی برادری کے فوت ہونے والے جوزف کے گھر کا بھی دورہ کیا اور ان کے انتقال پر اہل خانہ سے تعزیت کی اور حکومت کی جانب سے 5لاکھ روپے کی مالی معاونت کا اعلان بھی کیا۔