معروف شکارگاہ روشگول میں شکاری مافیا کی طرف سے ماحولیاتی دہشت گردی کی وجہ سے آئی بیکس اور سنولیپرڈ شدید خطرات سے دوچار ہیں۔ویلج کنزرویشن کمیٹی زوندرانگرام تریچ

Print Friendly, PDF & Email

چترال(نمائندہ چترال میل )ویلج کنزرویشن کمیٹی زوندرانگرام تریچ نے انتہائی تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ معروف شکارگاہ روشگول میں شکاری مافیا کی طرف سے ماحولیاتی دہشت گردی کی وجہ سے آئی بیکس اور سنولیپرڈ شدید خطرات سے دوچار ہیں اور علاقے میں غیر قانونی شکاری گروپ اس علاقے کے تحفظ کی راہ میں مسلسل رکاوٹ بن رہا ہے۔ چترال پریس کلب میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وی سی سی صدر پروفیسر رحمت کریم بیگ، ایگزیکٹیو ممبر مولانا عبدالغنی چمن، معروف سوشل ورکر گمبوری شاہ نے کہا کہ تریچ میر کی چوٹی کے دامن میں واقع وادی تریچ جنگلی حیات کے لئے مشہور ہے جہاں معدومیت سے دوچاربرفانی چیتا کی موجودگی بھی ہے اور آئی بیکس کی بھی ایک بڑی آبادی کے ساتھ ساتھ تیتر اور چکوربھی بہت ذیادہ تعداد میں پائے جاتے ہیں جن کی کنزرویشن کے لئے کمیونٹی میں ایک جذبہ اور درد پایا جاتا ہے لیکن یہاں ایک مخصوص ٹولہ اس راہ میں رکاوٹ بن رہا ہے اور مختلف ادوار میں بین الاقوامی اداروں کی طرف سے شروع کردہ منصوبے ناکام کردئیے تاکہ ان کی غیر قانونی شکار کا راستہ ہمیشہ ہمیشہ کے لئے بند نہ ہونے پائے۔ انہوں نے کہاکہ ان معدودے چند افراد کا قانون کو اپنے ہاتھ میں لینا اور جنگلی حیات کا بے دریغ شکار کرنا ماحولیاتی دہشت گردی سے کم نہیں ہے اور افسوس کا مقام یہ ہے کہ ان ماحولیاتی دہشت گردوں کو حکومت نے ہمیشہ سے کھلی چھٹی دے دی ہے۔ انہوں نے کہاکہ بیس سال پہلے آئی یو سی این کی ایک کنزرویشن پراجیکٹ کو بھی اس مافیا نے ناکام بنادیا اور اب سنولیپرڈ فاونڈیشن کے ایک پراجیکٹ کے خلاف بھی سازشوں میں مصروف ہیں اور ادارے کے افراد اور خود پولیس فورس کے اہلکاروں کو زدوکوب کرکے انہوں نے حکومتی رٹ کو بھی چیلنج کردیا ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا۔ کہ علاقے کے ترقی کی راہ میں رکاوٹ پیدا کرنے والے ان عناصر کو لگام دے کر سنو لیپرڈ فاونڈیشن کے زیر انتظام جنگلی حیات خصوصا آئی بیکس اور برفانی چیتے کے تحفظ کیلئے کام کرنے والی تنظیم ویلج کنزرویشن کمیٹی کوعلاقے میں کام کرنے کا موقع دیا جائے۔ اور شر پسندوں کے خلاف قانونی کاروائی کی جائے۔