چترال کے عوام احسان شناس ہیں اور کسی کے احسان کو کبھی بھی فراموش نہیں کرتے اور جنرل مشرف اب بھی ان کا محبوب رہنما ہے۔ احمد خان

Print Friendly, PDF & Email

چترال (نمائندہ چترال میل ) آل پاکستان مسلم لیگ کے رہنما اور سابق صدر جنرل پرویز مشرف کے شیدائی اور برغوزی چترال کے رہائشی احمد خان نے کہا ہے کہ انہیں اس بات کا مکمل یقین ہے کہ ان کڑی اور گھمبیر حالات میں وطن عزیز کو جو شخصیت دلدل سے نکالنے کی صلاحیت اور سکت رکھتے ہیں، وہ صرف اور صرف جنرل پرویز مشرف ہی ہیں لیکن انہیں ایک سوچے سمجھے منصوبے کے تحت پھنسایا جارہا ہے تاکہ ملک میں بحرانی کیفیت اور بھی شدت اختیار کرلے۔ گزشتہ سال جنرل پرویز مشرف کو عدالت کی طرف سے سزائے موت سنائے جانے پر ان کی جگہ اپنے آپ کو پھانسی کے تختہ کے لئے رضاکارانہ طور پر پیش کرنے والے احمد خان نے چترال میں میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے کہاکہ لواری ٹنل پراجیکٹ، گولین گول ہائیڈروپاؤر پراجیکٹ، گلگت شندور روڈ، چترال کے طول وعرض میں موبائل فون کمپنی کے ٹاؤر پول لگاکر موبائل فون کی سہولت سے اراستہ کرنے والے اور چترالی عوام کو اپنا کہنے والے اور یور پ میں بھی جاکر چترالیوں کی تعریف کرنے والے پرویز مشرف محسن پاکستان ہیں جس کے ساتھ چترالیوں کا والہانہ لگاؤ اور عقیدت ہے۔ ان کا کہنا تھاکہ چترال کے عوام احسان شناس ہیں اور کسی کے احسان کو کبھی بھی فراموش نہیں کرتے اور جنرل مشرف اب بھی ان کا محبوب رہنما ہے اور جب بھی وہ الیکشن لڑنے کا ارادہ کرلے تو چترال کو اپنا آبائی حلقہ تصور کرسکتے ہیں جہاں لوگ اپنی پارٹیوں کو چھوڑکر بیلٹ پیپر ہاتھوں میں تھامے ان کے انتظار میں ہیں۔ انہوں نے کہاکہ جنرل مشرف کے ساتھ ان کی عقیدت اس وقت پیدا ہوگئی جب انہوں نے 1999ء میں ایسے ہی مایوس کن حالات میں ملک کا اقتدار سنھبال لیا اور ملک کے سب سے پسماندہ اور دورافتادہ ضلع چترال کو اپنی خصوصی توجہ اور مہربانیوں کا مرکز بناتے ہوئے چترال کا بار بار دورہ کرنے لگے اور ان ہی دنوں میں وہ فخر چترال شہزادہ سراج الملک کے وساطت سے ان سے شرف ملاقات بھی حاصل کرلی جوکہ ان کی زندگی کا خوشگوار ترین اور ناقابل فراموش دن تھا۔ انہوں نے کہاکہ وہ گزشتہ دو دہائی سالوں سے جنرل پرویز مشرف کے لئے ہر فورم پر اور ہر موقع پر اپنی بساط بھر ان کے مشن کو آگے کو بڑہانے کی کوششو ں میں مصروف ہیں اوریہی وجہ ہے کہ گزشتہ مہینوں جب ان کو سزائے موت سنائی گئی تو چترال پریس کلب میں ان کے درجنوں شیدائیوں نے اپنی جان کی قربانی دیتے ہوئے ان کی جگہ پھانسی کا پھنداگلے میں ڈالنے پر تیار ہوگئے۔ احمد خان نے کہاکہ ملک میں کرونا وائرس کی وجہ سے لاک ڈاؤن کے نتیجے میں غریبوں پر جو برا وقت آگیا ہے، اس میں چترال کے عوام سب سے ذیادہ تباہ حال اور پریشان حال ہیں جوکہ پہلے سے غربت کی چکی میں پسے جارہے تھے۔ انہوں نے کہاکہ ان حالات میں بھی چترال کے عوام اب بھی پرویز مشرف کی طرف دیکھ رہے ہیں جوکہ اپنی اثرورسوخ کو بروئے کار لاتے ہوئے ان کے لئے خصوصی پیکج کا بندوبست کرکے حکومتی کارندوں کے بجائے اپنے جان نثاروں اور شیدائیوں کے ذریعے گراس روٹ لیول تک غریبوں کے دروازے تک پہنچادیں گے۔