الخدمت فاونڈیشن کے چترال میں واقع ایک ہسپتال، ایک ڈایگناسٹک سنٹر اور دو ایمبولنس گاڑی ضلعی انتظامیہ کے ڈسپوزل میں دینے کا فیصلہ

Print Friendly, PDF & Email

چترال (نمائندہ چترال میل) ملک میں کرونا وائرس کے حوالے سے ہنگامی حالات کے پیش نظر الخدمت فاونڈیشن نے ملک بھر کی طرح چترال میں بھی صحت سے متعلق اپنے تمام وسائل ضلعی انتظامیہ اور محکمہ صحت کے ڈسپوزل پر دے دیا ہے تاکہ اس وائرس کی پھیلاؤ کو روکنے میں حکومت کو وسائل کی قلت کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ جمعرات کے روز سبزی منڈی کے قریب نو تعمیر شدہ الخدمت ہسپتال میں ایک مختصر تقریب میں الخدمت فاونڈیشن کی طرف سے ایم این اے مولانا عبدالاکبر چترالی نے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر حیات شاہ کو الخدمت فاونڈیشن کے چترال میں واقع ایک ہسپتال، ایک ڈایگناسٹک سنٹر اور دو ایمبولنس گاڑی ضلعی انتظامیہ کے ڈسپوزل میں دینے کی رسم ادا کی۔ انہوں نے کہاکہ اس ہنگامی صورت حال میں ہمیں چاہئے کہ ہم جنگی بنیادوں پر اس مسئلے سے نمٹنے کے لئے تمام تر توانائی اور وسائل اس پر صرف کریں اور اس کے لئے ہر ممکن تیاری کو یقینی بنائیں اور یہ کام صرف حکومت کانہیں بلکہ سول سوسائٹی کے ہر ادارے اور ممبر اس میں اپنا حصہ ڈالنا ہے۔ اس موقع ڈپٹی کمشنر کی نمائندگی کرتے ہوئے اے ڈی سی حیات شاہ نے الخدمت فاونڈیشن کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہاکہ ضلعی انتظامیہ اس سلسلے میں ہر دم چوکس اور چوکنا ہے اور تمام ممکنہ اقدامات کویقینی بنانے میں مصروف ہے اور یہ خوش آئند بات ہے کہ اسے الخدمت فاونڈیشن جیسے فعال اداروں کا تعاون حاصل ہے۔ا لخدمت فاونڈیشن کے ہیلتھ کوارڈینیٹراسد کامران نے اس موقع پر کہاکہ الخدمت فاونڈیشن کے 512رضاکار بھی ضلعی انتظامیہ کے ڈسپوزل پر ہوں گے اور کسی بھی ایمرجنسی میں صرف ایک کال پر دستیاب ہوں گے۔ ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹرز ہسپتال چترال کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر شمیم، اسسٹنٹ کمشنر چترال عبدالولی خان، ڈی ایس پی ہیڈ کوارٹرز محی الدین کے علاوہ اس موقع پر جماعت اسلامی کے ضلعی جنرل سیکرٹری فضل ربی جان بھی موجود تھے۔