عوامی مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کے لئے اقدامات کیے جائیں گے-ڈپٹی کمشنر اپر چترال کی طرف سے کھلی کچہری کا انعقاد

Print Friendly, PDF & Email

ڈپٹی کمشنر اپر چترال شاہ سعود نے عوامی مسائل سے آگہی حاصل کرنے اور ان کے حل کے لئے مناسب اقدامات اٹھانے کے لیے تحصیل موڑکہو کے مقام سماگول میں ایک کھلی کچہری کا انعقاد کیا۔ متعلقہ اسسٹنٹ کمشنرز کے علاوہ تمام محکموں کے ضلعی سربراہوں اور عوام کی کثیر تعداد نے کھلی کچہری میں شرکت کی۔ عمائدین علاقہ نے عوام کو درپیش مسائل کے بارے میں ڈپٹی کمشنر کو آگاہ کیا۔ ڈپٹی کمشنر نے ان میں سے فوری نوعیت کے مسائل کے حل کے لئے موقع پر موجود متعلقہ حکام کو احکامات جاری کرتے ہوئے ہدایت کہ کہ وہ ان مسائل کو فوری طور پر حل کر کے انہیں رپورٹ پیش کریں، جبکہ دیگر اہم نوعیت کے مسائل کے حل کے لئیصوبائی حکومت کے متعلقہ اعلی حکام کے ساتھ معاملہ اٹھا نے کی یقین دہانی کرائی۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ہوئے ڈپٹی کمشنرز نے کہا کہ عوامی مسائل کو لوگوں کی دہلیز پر حل کرنا اور انہیں زندگی کی بنیادی سہولیات ان کی دہلیز پر فراہم کرنا موجودہ صوبائی حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے اور ضلعی انتظامیہ اس سلسلے میں صوبائی حکومت کے احکامات پر من وعن عمل کرنے کے لئے ہمہ وقت کوششیں کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ڈپٹی کمشنر سمیت تمام سرکاری ملازمین عوام کے خادم ہیں اور لوگوں کو درپیش مسائل کو بروقت حل کرنے کے لئے مناسب اقدامات اٹھانا سرکاری ملازمین کے فرائض منصبی کا اہم حصہ ہے جسے پوری کرنے کے لئے ضلع اپر چترال کی پوری انتظامیہ عوام کے ساتھ قریبی رابطے میں رہے گی اور ضلع کے تمام علاقوں میں اس طرح کی کھلی کچہریاں باقاعدگی سے منعقد کئے جائیں گے۔ انہوں نے تمام محکموں کے ضلعی سربراہان کو ہدایات کی کہ وہ ہر وقت دفاتر میں رہنے کی بجائے فیلڈ میں نکلے، عوام کے ساتھ قریبی رابطے میں رہیں، ان کو درپیش مسائل سے خود کو آگاہ رکھیں اور ان مسائل کے حل کے لئے ضروری اقدامات اٹھائیں۔ عمائدین علاقہ نے عوامی مسائل کے حل کے لئے ضلع کے مختلف حصوں میں کھلی کچہریوں کے انعقاد اور عوامی مسائل کے حل کے لئے ٹھوس اور فوری اقدامات اٹھانے پر ڈپٹی کمشنر اور اس کی پوری ٹیم کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے اس امید کا اظہار کیا کہ وہ عوامی خدمت کے اس سلسلے کو آئندہ بھی جاری رکھیں گے۔