چترال میں دو مختلف مگر ایک ہی نوعیت کے واقعات میں ایک خاتون شدید زخمی اور ایک خاتون اغوا ہوگئی۔

Print Friendly, PDF & Email

چترال (نمائندہ چترال میل) چترال میں دو مختلف مگر ایک ہی نوعیت کے واقعات میں ایک خاتون شدید زخمی اور ایک خاتون اغوا ہوگئی۔ پہلا واقعہ اپر چترال کے مستوج کے پرکوسپ کے مقام پر پیش آیا جہاں عقیلہ دختر حیدری پر ان کے سابق شوہر حیدر علیم ساکن بونی نے ریوالور سے پے در پے فائر کردیا مگر وہ معجزانہ طور پر بچ گئی جنہیں ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹرز ہسپتال چترال میں داخل کردیا گیا ہے۔ پولیس تھانہ مستوج کے اہلکار کے مطابق عقیلہ نے مقامی عدالت سے خلع کے رکھی تھی جس کا شوہر کو رنج تھا اور انہوں نے موقع پاکر ان کے گھر میں گھس کر ان پرریوالور سے پانچ مرتبہ فائر کیا۔ پولیس نے تعزیرات پاکستان کے دفعات 324,452اور 506کے تحت مقدمہ درج کرکے گرفتار کرلیا ہے۔ دوسرے واقعہ لویر چترال میں پولیس تھانہ ایون کے حدود میں سمندر خان نے اپنی بیوی کو رات کی تاریکی میں اغوا کرکے نامعلوم مقام پر منتقل کردیا۔ تھانہ ایون کے ایک اہلکار نے بتایاکہ سمندر خان کی بیوی راہبہ بی بی نے تنسیخ نکاح کے لئے مقامی عدالت میں کیس دائر کررکھی تھی جوکہ زیر سماعت ہے۔ راہبہ بی بی کے گھروالوں کے مطابق سمندر خان نے سید عالم اور دوسرے ساتھیوں کی مدد سے ان کے گھر میں گھس کر تمام افراد کو رسی سے باندھ کر انہیں اغوا کرکے نامعلوم مقام پر منتقل ہوئے جن کی تلاش ابھی تک جاری ہے۔ راہبہ بی بی کے گھروالوں نے دعویٰ کیا ہے کہ سمندر خان اور ان کے ساتھی جاتے جاتے گھر سے تین لاکھ روپے کی نقدی بھی ساتھ لے گئے۔