سینئر وکیل کے ساتھ مبینہ زیادتی، پیر کے دن صوبہ بھر میں عدالتوں کے بائیکاٹ کا اعلان

Print Friendly, PDF & Email

چترال (محکم الدین) ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن چترال، بونی، دروش نے بار کے سنیئر رکن سید برھان شاہ ایڈوکیٹ کے ساتھ ایس ڈی پی او بونی کی طرف سے غیر قانونی اور اپنے اختیارات کا ناجائز استعمال کرکے اپنے پرائیویٹ گارڈز کے ذریعے اُنہیں تشدد کا نشانہ بنانے کے خلاف ہفتے کے روز عدالتوں کے بائیکاٹ کا فیصلہ کیا ہے۔ اس سلسلے میں ایک غیر معمولی اجلاس صدر دسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن چترال خورشید حسین مغل ایڈوکیٹ کی زیر صدارت ڈسٹرکٹ بار روم میں منعقد ہوا۔ جس میں اس واقعے کی شدید الفاظ میں مذمت کی گئی۔ اور ایک قراراداد کے ذریعے مطالبہ کیا گیا۔ کہ ایس ڈی پی او بونی اور اُس کے نجی گارڈز کے خلاف فوری قانونی کاروائی عمل میں لائی جائے۔ اور فوری طور پر ایف آئی آر کا اندراج کیا جائے۔ جس کیلئے درخواست پہلے ہی ایس ایچ او بونی کو دی گئی ہے۔ مگر اس پر تاحال کوئی کاروائی نہیں ہوئی ہے۔ اجلاس میں ایس ڈی پی او کی طرف سے معزز رکن بار کے خلاف نازیبا الفاظ کو ناقابل قبول قرار دیا گیا۔ اور اس کی پُر زور مذمت کی گئی۔اجلاس میں پاکستان بار کونسل اور صوبائی بار کونسل سے بھی مطالبہ کیا گیا۔ کہ اس سلسلے میں ڈسٹرکٹ بار چترال سے یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے پیر کے روز تمام عدالتوں کا بائیکاٹ کریں۔