ہیسکو نے روزانہ چار گھنٹے کی بنیاد پر لوڈ شیڈنگ کرتے ہوئے چترال ٹاؤن کے مختلف علاقوں میں بجلی کی ٹرانسمیشن کو چھونے والی درختوں کی شاخوں کو کاٹنے کا عمل شروع کردیا

Print Friendly, PDF & Email

چترال (بشیر حسین آزاد) پیسکو نے روزانہ چار گھنٹے کی بنیاد پر لوڈ شیڈنگ کرتے ہوئے چترال ٹاؤن کے مختلف علاقوں میں بجلی کی ٹرانسمیشن کو چھونے والی درختوں کی شاخوں کو کاٹنے کا عمل شروع کردیا ہے۔ پیسکوچترال سب ڈویژن کے ایس ڈی او انجینئر سمیع اللہ نے مقامی میڈیا کو بتایاکہ اس شاخ تراشی مہم کا مقصد ٹرانسمیشن لائن کو لائن لاسز سے بچانا ہے جبکہ ان شاخوں سے چھوجانے کی وجہ سے انسولیٹر پنکچر ہوجاتے ہیں اور ٹرانسفارمروں کو بھی نقصان لاحق ہوتی ہے۔جس کے وجہ سے عوام کو کئی دنوں کی لوڈشیڈنگ اور محکمہ کو نقصان کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ انہوں نے بجلی کے صارفین کو یقین دلاتے ہوئے کہا کہ اس مہم کا مقصد بجلی کی بندش کے ذریعے عوام کو تنگ کرنا ہرگز نہیں ہے اور پیسکو کے عملے کے ساتھ تعاون کرکے اس مہم کو جلد از جلد پایہ تکمیل کو پہنچایا جاسکتا ہے۔ انہوں نے صارفین سے اپیل کرتے ہوئے کہاکہ وہ اپنے بقایاجات کی ادائیگی کو یقینی بنائیں تاکہ جون کے مہینے میں ان کی بجلی کے کنکشن کو عدم ادائیگی کی بنیاد پر کاٹ دینے کی نوبت ہی نہ آئے۔