وزیر اعظم کے اعلان کردہ 50لاکھ گھر پروگرام میں چترال کے لوگوں کے لئے خیبر پختونخوا کے کسی محفوظ مقام پر زمین الاٹ کئے جائیں /پیرزادہ شہزادہ ابرہیم

Print Friendly, PDF & Email

چترال(نمائندہ چترال میل) پراجیکٹ آ ف این سی سی بی اسلام آباد کے چیف ایگزیکٹیوپیرزادہ شہزادہ ابراہیم نے چترال پریس کلب میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ وزیر اعظم کے اعلان کردہ 50لاکھ گھر پروگرام میں چترال کے لوگوں کے لئے خیبر پختونخوا کے کسی محفوظ مقام پر زمین الاٹ کئے جائیں،کیونکہ ضلع چترال قدرتی آفات کے حوالے سے زون فور پر واقع ہے۔ جہاں کسی بھی وقت قدرتی آفات رونما ہو سکتے ہیں۔اُنہوں نے کہاکہ اس سلسلے میں این سی سی بی اسلام آباد میں اپنی خدمات پیش کرنے کے لئے تیار ہے۔ شہزادہ ابراہیم نے کہا کہ ہم چائنہ پاکستان اکنامک کوریڈورسے اس وقت تک فائدہ نہیں اُٹھا سکتے جب تک ہم اس کے لئے خود کو تیار نہیں کریں گے۔ اس سلسلے میں ہمیں سب سے پہلے چائنہ زبان پر عبور حاصل کرنا ہوگا۔اُنہوں نے کہا کہ ہم جس پراجیکٹ پر کام کر رہے ہیں پہلے تسلی،پھر قبضہ بعد میں پیسہ ہمارا موٹو ہے۔اُنہوں نے اس امر پر افسوس کا اظہار کیا کہ اُن کی غیر موجودگی میں بعض سازشی عناصر نے اُن کے خلاف باتیں بنائیں حالانکہ سب کو معلوم ہے کہ میں نیشنل، انٹر نیشنل سطح چترال کے لوگوں کی بھلائی کیلئے مختلف سیکٹر پر کام کر رہا ہوں اور گزشتہ چند سالوں سے اسی مقصد کے تحت امریکہ میں قیام پذیر رہا،اور اقوام متحدہ کے اجلاس سے بھی خطاب کرکے پاکستان کی نمائندگی کی۔ جبکہ وہاں سے واپسی مختلف حکومتی وزرا ء سے چترال کے مسائل کے سلسلے میں ملاقات کی، اورعنقریب وزیر اعظم پاکستان عمران خان سے ملاقات کرکے سی پیک کے حوالے سے اپنی تجربات سے اُنہیں آگاہ کروں گا۔