اسسٹنٹ کمشنر ریونیو چترال طارق حسین نے بدھ کے روز چترال بازار پر چھاپہ، متعدد دکانداروں کو جرمانہ

Print Friendly, PDF & Email

چترال (محکم الدین) اسسٹنٹ کمشنر ریونیو چترال طارق حسین نے بدھ کے روز چترال بازار پر چھاپہ مار کر نرخنامہ آویزان نہ کرنے، اضافی قیمت وصول کرنے، ناقص صفائی، غلط ناپ تول اور غیر معیاری اشیاء خوردونوش بیچنے کی پاداش میں پندرہ افراد کے خلاف کاروائی کرتے ہوئے اُنہیں نقد دو دو ہزار جرمانہ کیا۔ جرمانہ کئے جانے والوں میں قصاب، مُرغی فروش، نانبائی، کولڈ ڈرنکس والے جنرل سٹور مالکان اور دودھ فروش شامل ہیں۔ اسسٹنٹ کمشنر نے اس موقع پر دکانداروں سے کہا۔ کہ عوام کو لوٹنے کی کسی کو اجازت نہیں دی جائے گی۔ اور نہ غلط ناپ تول اور ناقص صفائی کو برداشت کیا جائے گا۔ ایسے لوگ قوم کے مجرم ہیں۔ ان سے کوئی رو رعایت نہیں برتی جائے گی۔ اسسٹنٹ کمشنر نے مُرغی فروشوں کی دکانوں میں گندگی پر شدید برہمی کا اظہار کیا۔ اور کہا۔ کہ جو بھی صفائی میں کوتاہی برتے گا۔ اُسے سزا سے کوئی نہیں بچا سکتا۔ اُن کے خلاف سنگین کاروائی ہوگی۔ انہوں نے ڈھیری فارم کے نام سے بیچے جانے والے دودھ پر بھی تحفظات کا اظہار کیا۔ کہ اس کی بھی لیبارٹری ٹسٹ ضروری ہے۔ تاکہ یہ معلوم ہو سکے کہ واقعی یہ دودھ حفظان صحت کے اصولوں کے مطابق ہے۔ طارق حسین نے غیر معیاری اشیاء کو ناقابل برداشت قرار دیا۔ اور کہا کہ کسی کو بھی انسانی جانوں سے کھیلنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ اور اس حوالے سے مزید سخت اقدامات اُٹھائے جائیں گے۔ درین اثنا موقع پر موجود عوامی حلقوں نے اسسٹنٹ کمشنر چترال کے اقدامات کی تعریف کی ہے۔ اور مزید کاروائی کروائی کرنے اور اسے جاری رکھنے کا مطالبہ کیا ہے۔