محکمہ خزانہ کے آٹومیشن آف پنشن پیمنٹ سسٹم کا عملہ پنشن کیسز کو کمپیوٹرائزڈ کرنے اور بوگس کیسز کو پکڑ نے کیلئے اپنی توانائیاں بروئے کار لائے۔مظفر سیدایڈوکیٹ

Print Friendly, PDF & Email

(چترال میل رپورٹ)خیبر پختونخوا کے وزیر خزانہ مظفر سید ایڈوکیٹ نے کہا ہے کہ صوبہ بھر کے سرکاری ملازمین کی پنشن کے طریقہ کار کو سہل بنانے کیلئے اس کے نظام کو کمپیوٹرائزڈ کرنے کے سلسلے میں محکمہ خزانہ کا آٹو میشن آف پنشن پیمنٹ سسٹم (APPS) نہایت کلیدی کردار ادا کر رہا ہے جسکی اہمیت سے انکار نہیں کیا جا سکتا۔ صوبائی حکومت کامحکمہ خزانہ خیبر پختونخوا کے تحت شروع کردہ مذکورہ نظام کے ذریعے ملازمین کے پنشن کیسز کو خود کار سسٹم کے ذریعے ریگولرائز کیا جا رہا ہے تا کہ پنشن کے حصول میں آسانی ہو اورپنشنرز کو کسی قسم کی مشکل پیش نہ ہو۔ وہ جمعرات کے روز پشاور میں محکمہ خزانہ کے پراجیکٹ، آٹو میشن آف پنشن پیمنٹ سسٹم (APPS) کے ملازمین کے اجلاس سے خطاب کر رہے تھے جن میں صوبہ بھر کے خزانہ دفاتر میں فرائض سرانجام دینے والے کمپیوٹر آپریٹرز و دیگر ملازمین شامل تھے۔ اجلاس میں اے پی پی ایس پراجیکٹ کے ملازمین نے صوبائی وزیر سے مطالبہ کیا کہ وہ عرصہ دراز سے پراجیکٹ ملازمین کے طور پر ڈیوٹی سر انجام دے رہے ہیں اسلیے انہیں مستقل کیا جائے۔ اس موقع پر صوبائی وزیر نے کہا کہ اے پی پی ایس عملہ سرکاری ملازمین کے حصول پنشن کے طریقہ کار کو خود کار نظام پر ڈالنے میں مصروف عمل ہے جن کی خدمات قابل ستائش ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس پراجیکٹ کے ملازمین کو مستقل کرنے پر غور کیا جائیگا کیونکہ موجودہ حکومت کی یہ اولین کو شش ہے کہ سرکاری ملازمین کے تمام جائز مسائل کے ازالے کیلئے نتیجہ خیز اقدامات کئے جا سکیں۔ انہوں نے اے پی پی ایس عملے کو ہدایت کی کہ وہ پنشن کے سلسلے میں پنشنرز کے کیسز کو کمپیورٹرازڈ کرنے اور بوگس کیسز کو پکڑنے کیلئے اپنی تمام تر توانائیاں بروئے کار لائیں اور ریٹائرڈ ملازمین اور ان کے ورثاء کو پنشن کے حصول میں آ سانیاں پیدا کریں۔