چیف سیکرٹری خیبر پختونخوا محمد اعظم خان نے صوبہ بھر کے مسلم اور اقلیتی قبرستانوں کی خستہ حالی کا نوٹس لے لیا۔

Print Friendly, PDF & Email

پشاور (نما یندہ چترال میل) چیف سیکرٹری خیبر پختونخوا محمد اعظم خان نے صوبہ بھر کے مسلم اور اقلیتی قبرستانوں کی خستہ حالی کا نوٹس لیتے ہوئے محکمہ اوقاف کو ہدایت کی ہے کہ تمام قبرستانوں کی حالت زار بہتر اور محفوظ بنانے کے لئے ایک جامع منصوبہ تیارکریں جس کے تحت مختلف قبرستانوں میں صفائی سمیت مختلف ضروری سہولیات فراہم کی جا سکیں۔مذکورہ منصوبے کو تیار کرنے کے لئے ایک ہفتے کی ڈیڈ لائن دی گئی ہے جبکہ پورے صوبے میں یہ کام مکمل کرنے کیلئے ایک ماہ کا وقت دیا گیا ہے اور عملی اقدامات کے لئے فوری طور پر ایکشن پلان تیار کرنے کی بھی ہدایت کی گئی ہے۔تمام قبرستانوں میں آنے جانے کے لئے راستوں کی مرمت اور سفیدی سمیت پودے لگانے کی بھی ہدایت کی گئی ہے پہلی ترجیح میں چھ قبرستانوں کو شامل کیاگیا ہے جن میں منصوبے کے تحت ترقیاتی و مرمتی کام ترجیحی بنیادوں پر مکمل کرنا ہوگا۔ان قبرستانوں میں رحمان با با قبرستان،ہزار خوانی قبرستان پشاور،شاہ ڈھنڈ با با قبرستان مردان اور پڑانگ قبرستان ضلع چارسدہ سمیت گورا قبرستان پشاور اور شمشان گھاٹ پشاور شامل ہیں۔