صوبائی صدر انجینئر امیر مقام کا لندن میں نواز شریف سے ان کی رہائشگاہ پر ملاقات، ملک کی مجموعی صورتحال اور پارٹی امور پر تفصیلی تبادلہ خیال

Print Friendly, PDF & Email

پشاور(نمائندہ چترال میل) وزیر اعظم کے مشیر وپاکستان مسلم لیگ(ن)خیبرپختونخواکے صوبائی صدرانجینئرامیرمقام نے لندن میں بیگم کلثوم نوازکی عیادت کے بعدسابق وزیراعظم محمدنوازشریف سے انکی رہائشگاہ پرتفصیلی ملاقات کی۔دونوں رہنماؤں نے ملاقات کے دوران ملک کی مجموعی سیاسی صورتحال اورخیبرپختونخوامیں پارٹی امورپرتفصیلی تبادلہ خیال کیا۔انجینئرامیرمقام نے محمدنوازشریف کوخیبرپختونخوامیں پارٹی امورکے بارے میں بریفنگ دی اورمحمدنوازشریف کوخیبرپختونخواکادورہ کرنے کی بھی دعوت دی جس پرمحمدنوازشریف نے پاکستان آتے ہی خیبرپختونخواکادورہ کرنے کی یقین دہانی کرائی۔وزیراعظم محمدنوازشریف نے خیبرپختونخوامیں پارٹی کی کارکردگی پراطمینان کامکمل اظہارکیااورخیبرپختونخوامیں انجینئر امیرمقام کے بلاامتیازاورعوام دوست سیاست کوسراہا۔
محمدنوازشریف کی رہائشگاہ کے باہرذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے وزیراعظم کے مشیرانجینئرامیرمقام نے کہاکہ محترمہ کلثوم نوازکی عیادت اوراپنے قائدمحمدنوازشریف سے ملنے لندن آیاہوں۔
ایک سوال کے جواب میں انجینئرامیرمقام نے کہاکہ عائشہ گلالئی الزامات کیس میں اگرعمران خان نیازی کادامن بے داغ ہوتا تو پارلیمانی کمیٹی کے روبروپیش ہوتے اورکمیٹی کومستردکرنے کی بجائے اپنی صفائی پیش کرتے،کمیٹی کومستردکرنااس بات کی عکاس ہے کہ دال میں کچھ کالا کالا ضرورہے۔
ایک اورسوال کے جواب میں انجینئرامیرمقام نے کہاکہ خیبرپختونخواحکومت کی کارکردگی صرف سوشل میڈیاکی زینت بن گئی ہے عملی اقدامات کچھ بھی نہیں ہے،تحریک انصاف کی ناقص پالیسیوں کے باعث صوبہ نصف صدی پیچھے رہ گیاہے۔انہوں نے کہاکہ محکمہ صحت اور تعلیم جواصلاحات کی باتیں تحریک انصاف والے کررہے ہیں وہ محض ہوامیں قلعے کھڑے کرنے کے مترادف ہیں،نوے دن میں احتساب کادعویٰ بھی ڈسپوزبل ثابت ہوگیاہے تاہم آئندہ عام انتخابات میں خیبرپختونخواکے عوام بیلٹ کے ذریعے عمران خان کااحتساب کریں گے۔
فاٹاانضمام کے حوالے سے ایک صحافی کے سوال کاجواب دیتے ہوئے وزیراعظم کے مشیرانجینئرامیرمقام نے کہاکہ فاٹا میں پولیس اورعدالتی نظام کانفاذپاکستان مسلم لیگ(ن)کی مرہون منت ہے،یہ توصرف آغازہے،قبائلی عوام کوہروہ حقوق دلوائیں گے جو پشاور،لاہوراور کراچی کے شہری کوحاصل ہے،فاٹاکی تعمیروترقی کیلئے پی ایس ڈی پی میں اضافہ کرکے خاطرخواہ بجٹ مقررکیاگیا ہے۔ انہوں نے کہاکہ دہشت گردی کی عفریت کے خاتمے میں جوقربانیاں قبائلی عوام نے دی ہے وہ کبھی بھی نا قابل فراموش نہیں ہوسکتی، فاٹا اصلاحات کے آغازپرتمام غیورقبائلی عوام کوتہہ دل سے مبارکبادپیش کرتاہوں۔انہوں نے مزیدکہاکہ فاٹااصلاحات کے روح رواں اورمحرک محمدنوازشریف ہے تاہم اصلاحات کاسہرا پاکستانی عوام کے دلوں کے وزیراعظم محمدنوازشریف کے سرہے اورپاکستان مسلم لیگ(ن)ہی فاٹاکواب ایک رول ماڈل بنائے گی، فاٹامیں پاکستان کے دیگرعلاقوں کی طرزکاعدالتی اورپولیس نظام لاگوہوگاجس کے حوالے سے بہت جلدوزارت سیفران سے اعلامیہ جاری ہوجائیگا۔