چترال میں گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران کرونا کے دو نئے کیسز سامنے آئے ہیں جن میں سے ایک کا تعلق اپر چترال سے اور دوسرے کا تعلق لویر چترال سے بتایاجاتا ہے

Print Friendly, PDF & Email

چترال(نمائندہ چترال میل) چترال میں گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران کرونا کے دو نئے کیسز سامنے آئے ہیں جن میں سے ایک کا تعلق اپر چترال سے اور دوسرے کا تعلق لویر چترال سے بتایاجاتا ہے۔ اسسٹنٹ کمشنر چترال عبدالولی خان نے بتایاکہ بلچ پائین سے تعلق رکھنے والے 33سالہ ثناء اللہ ولد شیرین بیگ کا ٹیسٹ پشاور سے مثبت آئی ہے جس کے بعد جمعرات کے دن انہیں ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹرز ہسپتال کے آئسولیشن وارڈ میں منتقل کردیاگیا ہے۔ انہوں نے بتایاکہ وہ گزشتہ دنوں پشاور سے آئے تھے جس پر انہیں قرنطینہ سنٹر میں رکھا جارہا تھا۔ دریں اثناء اپر چترال میں تورکھو کے شاگرام کا باشندہ غلام رسول ولد محمدنادر خان (عمر 60سال) کو بھی کرونا وائرس کا ٹیسٹ مثبت آنے پر تحصیل ہیڈ کوارٹرز ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے جبکہ وہ بھی ڈاؤن ڈسٹرکٹ سے سفر کرکے چترال پہنچنے پر انہیں بونی میں قائم ایک قرنطینہ سنٹر میں رکھا گیا تھا۔ اب تک چترال میں کرونا سے متاثر مریضوں کی تعداد سات ہوگئی جن میں دو اپر چترال سے اور پانچ لویر چترال سے تعلق رکھتے ہیں۔