چترال (محکم الدین ) چترال کے مختلف مقامات میں گذشتہ رات سے وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری رہا۔ سب سے طویل بارش لٹکوہ میں ہوئی۔ جس کا دورانیہ چوبیس گھنٹے تک جاری رہا۔ مسلسل بارش سے لٹکوہ روڈ کڑاک کے مقام پر پہاڑی ملبہ گرنے کی وجہ سے تین گھنٹے بند رہا۔ جسے بعد آزان کھول دیا گیا۔ تاہم روڈ کی بندش کے باعث لٹکوہ کا رابطہ چترال شہر سے منقطع رہا۔ اور لوگوں کو انتہائی مشکلات کا سامنا کر نا پڑا۔ لوٹکوہ پولیس کے مطابق بارش کا سلسلہ بدستور جاری ہے۔ اور بادلوں نے پوری ویلی کو ڈھانپ لیا ہے۔ اور لوگوں نے دوبارہ سردیوں کا لباس پہننا شروع کردیا ہے۔ مستوج میں بارش کے ساتھ تیز آندھی رہی۔ جس سے سردی کی شدت دوبارہ لوٹ آئی۔ لاسپور اور یارخون وادی میں بھی بارش اور بالائی پہاڑوں پر نئی برف پڑی ہے۔ موڑکہو کے لوگوں نے مسلسل بارشوں پر خوشی کا اظہار کیا ہے۔ علاقے کے باغات اور فصلیں جو عرصے سے پانی کے بوند بوند کو ترس رہے تھے، دوبارہ جان پیدا ہوئی ہے اور خشک ندی نالوں میں بہت عرصے بعد پانی دیکھنے میں آئی ہے۔ تاہم مقامی لوگوں کا کہنا ہے۔ کہ اس بارش سے پہلے ہی گندم اور جو کی تمام فصلیں بے آبی سے ختم ہوگئی ہیں۔ اور لوگوں نے اُن کی کٹائی کرکے مال مویشیوں کیلئے چارہ کے طور پر استعمال کیا ہے۔ جاری بارشوں کے سلسلے سے پودوں کو بچانے میں مدد ملے گی۔ چترال شہر اور اطراف کے تمام لوگوں نے بارش پر خوشی کا اظہار کیا ہے۔ اور باران رحمت کو فصلوں، باغات کے ساتھ انسانی زندگی کیلئے رحمت قرار دیا ہے۔ بارشوں نے کالاش ویلیز، چترال شہر اور اطراف کے دیہات کے حسن کو دوبالا کردیا ہے۔